امریکا میں نائن الیون حملوں کو 16 سال مکمل

امریکی ایئر لائن کے 2 مسافر طیارے 18 منٹ کے وقفے سے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی دونوں عمارتوں سے ٹکرائے

امریکی ایئر لائن کے 2 مسافر طیارے 18 منٹ کے وقفے سے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی دونوں عمارتوں سے ٹکرائے

واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکا میں نائن الیون حملوں کو 16 سال مکمل ہو گئے، حملوں کے بعد امریکا کی طرف سے شروع کی گئی دہشت گردی کے خلاف جنگ آج بھی جاری ہے، جس میں افغانستان اور عراق سمیت کئی ملک تباہی کا نشانہ بنے، پاکستان میں 60 ہزار سے زائد شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانیں گئیں، پھر بھی امریکا ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش میں ہے۔ نائن الیون، وہ تاریخ، جس نے دنیا کی تاریخ بدل دی۔ دہشت گردوں نے امریکی ترقی کی نشانی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کو حملوں کے لیے منتخب کیا۔ نیو یارک کے ماتھے کا جھومر، ورلڈ ٹریڈ سینٹر لمحوں میں ملبے کا ڈھیر بن گیا۔ اس کارروائی میں امریکی ایئر لائن کے 2 مسافر طیارے 18 منٹ کے وقفے سے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی دونوں عمارتوں سے ٹکرائے گئے۔ ان واقعات میں 3000 کے قریب افراد جان سے گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق پنٹاگون پر تباہ ہونے والے طیارے سے 189 افراد جان سے گئے۔ اسی دوران پنسلوانیا میں طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 44 افراد ہلاک ہوئے۔ ان واقعات کے بعد اس وقت کے امریکی صدر جارج بش نے قوم سے خطاب میں کہا کہ دہشت گرد ہماری عمارتوں کی بنیادیں تو ہلا سکتے ہیں لیکن وہ متحدہ ریاست ہائے امریکا کی بنیاد کو ہاتھ بھی نہیں لگا سکیں گے۔ چند گھنٹوں میں ہی انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا عندیہ دیا جس کا آغاز 7 اکتوبر کو افغانستان میں آپریشن اینڈ یورنگ فریڈم کے نام سے کیا گیا۔ نیو یارک میں ورلڈ ٹریڈ ٹاورز کے مقام پر تعمیر کی گئی یادگار گرائونڈ زیرو اور میوزیم ہر سال امریکیوں کو اس سانحے کی یاد دلاتا رہے گا  جس نے نہ صرف امریکا بلکہ پوری دنیا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کی اس آگ میں دھکیل دیا جو نہ جانے کب بجھے گی۔

No comments.

Leave a Reply