سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دے دی گئی

مردوں اور خواتین کے لیے یکساں ڈرائیونگ لائسنز بھی جاری کیے جائیں گے

مردوں اور خواتین کے لیے یکساں ڈرائیونگ لائسنز بھی جاری کیے جائیں گے

الریاض ۔۔۔ نیوز ٹائم

سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دے دی گئی جبکہ مردوں اور خواتین کے لیے یکساں ڈرائیونگ لائسنز بھی جاری کیے جائیں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی حکومت نے سرکاری میڈیا کے ذریعے ایک شاہی فرمان جاری کیا جس میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دیتے ہوئے کہا گیا کہ خواتین کو اسلامی قوانین کے مطابق ڈرائیونگ کرنے کی اجازت ہو گی جبکہ ٹریفک قوانین میں تبدیلیاں کر کے مردوں اور خواتین کے لیے یکساں ڈرائیونگ لائسنز جاری کیے جائیں گے۔ سعودی King Salman, bin Abdul Aziz کے دستخط شدہ شاہی فرمان میں ٹریفک قوانین میں ترمیم کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ یہ حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا لیکن اطلاق میں ایک ماہ لگ جائے گا اور اس حکم کو نافذ کرنے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے وزیروں کی اعلی سطح کی ایک کمیٹی بنائی جائے گی جو 30 دن کے اندر اندر مختلف سفارشات بھی لے گی اور اس پر عمل کروائے گی۔ دوسری جانب امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے بھی سعودی حکومت کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے، واشنگٹن سے جاری ایک بیان میں اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ یہ صحیح سمت کی جانب صحیح قدم ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں 1990ء سے خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی عائد ہے تاہم یہ پابندی سرکاری طور پر عائد نہیں اور نہ یہ قانون کا حصہ تھی مگر خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری نہیں کیا جاتا تھا  اور خواتین کی جانب سے گاڑی چلانے کی اجازت کے لئے خصوصی مہم بھی چلائی جا رہی تھی۔

No comments.

Leave a Reply