بین الاقوامی انٹرپول نے فلسطین کو علیحدہ ریاست تسلیم کرتے ہوئے رکنیت دے دی

بیجنگ میں ہونے والے انٹرپول کے جنرل اسمبلی اجلاس میں فلسطین اور جزائر سلیمان کی رکنیت کی درخواست کو دوتہائی اکثریت سے منظور کر لیا گیا

بیجنگ میں ہونے والے انٹرپول کے جنرل اسمبلی اجلاس میں فلسطین اور جزائر سلیمان کی رکنیت کی درخواست کو دوتہائی اکثریت سے منظور کر لیا گیا

بیجنگ ۔۔۔ نیوز ٹائم

انٹرنیشنل پولیس آرگنائزیشن یعنی انٹرپول نے فلسطین کو علیحدہ ریاست تسلیم کرتے ہوئے رکنیت دینے کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انٹرپول کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا  کہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والے انٹرپول کے جنرل اسمبلی اجلاس میں  فلسطین اور Solomon Islands  کی رکنیت کی درخواست کو دوتہائی اکثریت سے منظور کر لیا گیا  اور اب تنظیم کے رکن ممالک کی تعداد 192 ہو گئی ہے۔ اسرائیل جو کہ خود بھی انٹرپول کا رکن ہے فلسطین کی شمولیت کے سخت خلاف تھا  اور اس نے ہر ممکن کوشش کی کہ اس سال بھی فلسطین کی رکنیت کی درخواست پر ووٹنگ نہ ہو جبکہ گزشتہ برس انڈونیشیا میں بھی فلسطین کی درخواست پر ووٹنگ کو موخر کر دیا گیا تھا۔ اسرائیل کا موقف ہے کہ فلسطین ایک علیحدہ ریاست نہیں ہے اس لیے اسے انٹرپول سمیت کسی بھی بین الاقوامی ادارے کا رکن بننے کا حق حاصل نہیں۔  اسرائیلی وزیر خارجہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے چین میں ہونے والی ووٹنگ رکوانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم Benjamin Netanyahu کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انٹرپول کی رکنیت حاصل کر کے فلسطین نے باہمی معاہدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے حالیہ ملاقات میں اس معاملے پر بھی گفتگو ہوئی ہے۔ ادھر فلسطین کے وزیر خارجہ Riyad al-Maliki ( نے کہا کہ انٹرپول کے رکن ممالک کی اکثریت نے فلسطین کے حق میں ووٹ دیے اور وہ ان کے مشکور ہیں۔ یاد رہے کہ 2012 ء میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بھی فلسطین کو غیر رکن مبصر ریاست کا درجہ دے دیا تھا جس کے بعد فلسطین کے دیگر عالمی اداروں کا رکن بننے کی راہیں ہموار ہو گئی تھیں۔

No comments.

Leave a Reply