حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دینے کی تعمیلی رپورٹ عدالت میں پیش

حسن اور حسین نواز

حسن اور حسین نواز

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

حسین اور حسن نواز کو اشتہاری قرار دینے کی تعمیلی رپورٹ اور حسین نواز کے 4 بینک اکائونٹس کی تفصیل احتساب عدالت میں پیش کر دی گئی۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سماعت شروع کی تو نیب کے تفتیشی افسر کی عدم موجودگی کے باعث وقفہ کر دیا گیا،  بعد ازاں سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو تفتیشی افسر نے حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دینے کے لیے تعمیلی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔ تفتیشی افسر نے حسین نواز کے 4 بینک اکائونٹ کی تفصیل عدالت میں پیش کر دی۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب کے مطابق حسین نواز کے نجی بینک کے 4 اکائونٹس میں رقم بھی موجود ہے۔ نیب رپورٹ کے مطابق حسین نواز کے ایک بینک اکائونٹ میں 3992 ڈالرز، دوسرے میں 4272 یورو موجود ہیں۔ تیسرے بینک اکائونٹ میں 207.53  پاونڈز تھے جبکہ چوتھے اکائونٹ میں 382381  روپے موجود ہیں ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایل ڈی اے اور ڈی ایچ اے میں حسن اور حسین نواز کی کوئی پراپرٹی نہیں،  ڈپٹی کمشنر لاہور اور بحریہ ٹائون کی جانب سے جواب کا انتظار ہے۔ تفتیشی افسر محمد کامران نے عدالت کو بتایا کہ حسین اور حسن کی بذریعہ اشتہار طلبی کے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرایا گیا، دونوں ملزمان کے اشتہارات رہائش گاہوں اور عدالتی نوٹس بورڈ پر آویزاں کیے، ماڈل ٹائون اور Raiwand روڈ پر ملزمان حسین اور حسن کے اعلانات بھی کرائے گئے۔ تفتیشی افسر کے مطابق لندن میں Avenfield   پراپرٹیز پر لگانے کے لیے نوٹس بذریعہ فارن آفس بھجوائے، جو وہاں لگا دیئے گئے۔  دونوں ملزمان کو عدالت کی طرف سے دی گئی ایک ماہ کی مدت ختم ہو چکی ہے۔ ملزمان نے جان بوجھ کر خود کو چھپا رکھا ہے، عدالت کے سامنے پیش نہیں ہو رہے، عدالتی کارروائی مکمل ہو گئی، مفرور ملزمان کو اشتہاری ملزم قرار دیا جائے۔

No comments.

Leave a Reply