شہباز شریف مسلم لیگ ن کے آئندہ وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے: نواز شریف

سبکدوش وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف

سبکدوش وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

پاکستان کے سبکدوش وزیر اعظم اور حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف نے اپنے چھوٹے بھائی اور وزیر اعلیٰ  پنجاب میاں شہباز شریف کو آئندہ عام انتخابات کے بعد وزارتِ عظمیٰ کے لیے امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ انھوں نے یہ فیصلہ جاتی امرا، لاہور میں اپنے قریبی ساتھیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا ہے۔ انھوں نے اپنے بھائی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف نے کبھی انھیں مایوس نہیں کیا ہے اور وہ اپنی محنت اور کارکردگی کی بدولت ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ انھوں نے تسلیم کیا ہے کہ شہباز شریف کو بعض امور پر جماعت کی قیادت سے اختلاف رہا ہے  لیکن انھوں نے کبھی جماعت کے نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی ہے اور نہ انھیں جو کچھ کہا گیا، اس کو ماننے سے انکار کیا ہے۔ میاں نواز شریف نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ وہ اپنی نااہلی کے فیصلے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ان کا اور عمران خان کا ایک ہی جیسا کیس تھا لیکن عدالتِ عظمیٰ نے انھیں نااہل قرار دے دیا اور عمران خان کی اہلیت برقرار رکھی ہے۔ انھوں نے 2018ء میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد نظام عدل کی بہتری کے لیے تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے  اور ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ کسی کو تو گذشتہ 70 سال کے امراض کا مداوا اور علاج کرنا ہو گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کی عدالت ِعظمیٰ نے میاں نوازشریف کو جولائی میں پانامہ کیس کے فیصلے میں اپنے اثاثے چھپانے کے الزام میں نااہل قرار دے دیا تھا جس کے بعد وہ وزارت عظمی کے عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔ اب ان کے خلاف عدالت عظمی کے حکم پر احتساب عدالت میں بدعنوانیوں کے الزام میں مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ میاں نواز شریف کی نااہلی کے بعد بھی میاں شہباز شریف کا نام وزارت عظمی کے امیدوار کے طور پر سامنے آیا تھا  لیکن میاں نواز شریف نے انھیں پنجاب کی وزارت اعلی ہی پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور شاہد خاقان عباسی کو مسلم لیگ ن نے وزارت عظمی کے لیے اپنا امیدوار نامزد کر دیا تھا۔ وہ قومی اسمبلی سے بقیہ مدت کے لیے بھاری اکثریت سے وزیر اعظم منتخب ہو گئے تھے۔ اب اگر 2018ء میں ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن حکومت بنانے کے لیے درکار اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے  تو پھر میاں شہباز شریف اس کے وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے۔

No comments.

Leave a Reply