نیب نے نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

نیب نے نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ اسلام آباد میں نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت ہوا جس میں ایگزیکٹو بورڈ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ نیب اعلامیے میں کہا گیا کہ شریف برادران نے مبینہ طور پر رائے ونڈ سے شریف فیملی کے گھر تک 2000 ء میں غیر قانونی سٹرک تعمیر کر کے قومی خزانے کو ساڑھے 12 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے نندی پور پروجیکٹ میں تاخیرکے باعث قومی خزانے کو 113 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور بابر اعوان کے خلاف تحقیقات کی بھی منظوری دی۔ اعلامیے میں سابق چیئرمین پاکستان تمباکو بورڈ صاحبزادہ خالد کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، صاحبزادہ خالد نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی بھرتیاں کیں جس سے قومی خزانہ کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔ اجلاس میں سابق سیکرٹری قانون و انصاف مسعود چشتی، سابق سیکرٹری شاہد رفیع اور سابق ڈائریکٹر اعجاز بشیر کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی جبکہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف اختر ہاشمی کے خلاف بھی بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

No comments.

Leave a Reply