فٹبال ورلڈ کپ 2018: 14 جون سے 15 جولائی سے روس میں منعقد ہو گا

فٹبال کا ورلڈ کپ 14 جون سے 15 جولائی تک روس میں منعقد ہو گا

فٹبال کا ورلڈ کپ 14 جون سے 15 جولائی تک روس میں منعقد ہو گا

ماسکو ۔۔۔ نیوز ٹائم

دنیا کے مقبول ترین کھیل فٹبال کا ورلڈ کپ 14 جون سے 15 جولائی تک روس میں منعقد ہو گا۔ ورلڈ کپ میں 32 ممالک کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ایک ماہ پر محیط ٹورٹامنٹ کے 62 میچ 11 شہروں میں قائم 12 اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔ فٹبال کے مقابلے دیکھنے کے لیے میزبان ملک میں دنیا بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچتی ہے، جس سے ملکی اور علاقائی معیشت کو فائدہ پہنچتا ہے۔ متعلقہ شہروں میں، جہاں میچ کھیلے جا رہے ہوتے ہیں، عارضی روزگار کے ان گنت مواقع پیدا ہوتے ہیں، خرید و فروخت بڑھ جاتی ہے، ہوٹل بھر جاتے ہیں اور عارضی رہائش گاہیں بھی وجود میں آ جاتی ہیں۔ الغرض مقامی سطح پر کاروباری سرگرمیاں تیز ہو جاتی ہیں جن سے ملکی معیشت کو بہ طور مجموعی فروغ ملتا ہے۔

ورلڈ کپ کے مقابلے جن شہروں میں رکھے جاتے ہیں، وہاں کے تاجروں کی لاٹری نکل آتی ہے۔ روسیوں نے بھی غیر ملکی سیاحوں کی کھال اتارنے کے لیے چھریاں تیز کر لی ہیں۔ ہوٹل مالکان نے تو حد ہی کر دی ہے۔ انھوں نے کمروں کے کرایے 18 ہزار گنا تک بڑھا دیے ہیں۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں شامل ممالک کے شہری اپنی اپنی ٹیموں کے میچ سے لطف اندوز ہونے کے لیے ابھی سے ہوٹلوں میں کمرے بک کروا رہے ہیں۔ ایک برطانوی روزنامے کی تحقیق کے مطابق ہوٹلوں میں کرایے عام دنوں سے 18 ہزار گنا تک بڑھا دیے گئے ہیں۔ورلڈ کپ میں انگلینڈ تیسرا میچ 28 جون کو بیلجیم کے خلاف Kaliningrad میں کھیلے گا۔ شہر کے گیسٹ ہائوس تین افراد کی گنجائش والے اپارٹمنٹ کا ایک رات کا کرایہ ساڑھے 4 ہزار ڈالر کے مساوی وصول کر رہے ہیں۔ عام دنوں میں اس اپارٹمنٹ کا یومیہ کرایہ 24 ڈالر کے مساوی ہوتا ہے۔

انگلینڈ اور بیلجیم کے درمیان یہ اہم میچ ہو گا، جو فاتح ٹیم کی دوسرے مرحلے میں رسائی کی راہ ہموار کر دے گا۔ اسی اہمیت کے پیش نظر ہوٹل اور گیسٹ ہائوس وہاں قیام کے خواہش مندوں سے منہ مانگے دام طلب کر رہے ہیں۔ انگلینڈ اور بیلجیم کے جو شائقین ہوٹلوں، گیسٹ ہائوسز اور اپارٹمنٹس میں قیام کی استطاعت نہیں رکھتے، وہ خیموں میں ٹھہر سکتے ہیں خیمے اسٹیڈیم سے 9 میل کی دوری پر لگائے گئے ہیں۔ ان میں ایک رات قیام کرنے کے لیے 90 ڈالر مساوی روبل ادا کرنے ہوں گے۔ عالمی مقابلوں کے لیے منتخب کردہ تمام شہروں میں یہی صورت حال ہے۔ ہر شہر میں مقابلوں کی تاریخوں میں ہوٹلوں اور گیسٹ ہائوسز کے نرخ انتہا کو چھو رہے ہیں۔

No comments.

Leave a Reply