بھارت اگر تعلقات میں بہتری چاہتا ہے تو امن کیلئے مسلسل اور بااعتماد پیشرفت کرے: پاکستان

پاکستان دفتر خارجہ کی ترجمان تنسیم اسلم

پاکستان دفتر خارجہ کی ترجمان تنسیم اسلم

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

پاکستان نے واضح کیا ہے کہ تجارت کو دیگر متنازع امور سے الگ نہیں کیا جاسکتا، بھارت اگر تعلقات میں بہتری چاہتا ہے تو امن کیلئے مسلسل اور بااعتماد پیش رفت کرے۔ بھارت اگر ممبئی حملوں کے معاملے کی بات کرتا ہے تو اسے سمجھوتہ ایکسپریس میں چالیس سے زائد پاکستانیوں کی ہلاکت کا معاملہ بھی مدنظر رکھنا چاہئے بھارت نے اس پر کیا کیا ہے؟ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے گزشتہ روز کو بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف کسی ایک معاملے پر پیشرفت نہیں ہوسکتی، اگر دونوں جانب یہ خواہش ہو کہ تجارت میں پیشرفت ہونی چاہئے تو ہمیں دیگر امور کو بھی ساتھ ہی مدنظر رکھنا ہوگا۔ کیونکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں ہر چیز رک جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر شعبے میں پیش رفت پر مسلسل آگے بڑھنا چاہتا ہے دونوں فریقوں کو امن کے عمل کو مضبوط بنانے کیلئے تمام مسائل پر بات چیت کرنا ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ تمام معاملات آپس میں جڑے ہوئے ہیں اور حقیقی معنوں میں پیش رفت جامع انداز میں ہی ہوسکتی ہے۔ جب ماحول بہتر ہوگا تو دونوں فریق دیگر امور پر آگے بڑھ سکتے ہیں اگر باہمی مذاکراتی عمل روک کر کسی ایک معاملے میں پیشرفت کی کوشش کی جائیگی تو وہ ہمیشہ ناکام رہے گی۔ ممبئی حملوں کے ملزمان کو سزا دینے کے بارے میں سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نہ تو پاکستان اور نہ ہی بھارت ایک دوسرے پر اپنی شرائط مسلط کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کیا کم اہم واقعہ ہے، ہم نے آج تک سمجھوتہ ایکسپریس کے حوالے سے کسی پیش رفت کے بارے میں نہیں سنا جو افسوسناک ہے۔

No comments.

Leave a Reply