امریکہ کی شدید مخالفت اور احتجاج کے باوجود بگرام جیل سے 37 طالبان قیدی رہا

افغان حکومت نے 37 طالبان قیدی رہا کر دیئے

افغان حکومت نے 37 طالبان قیدی رہا کر دیئے

کابل ۔۔۔ نیوز ٹائم

افغان حکومت نے امریکہ کی شدید مخالفت اور احتجاج کے باوجود بگرام جیل سے 37 طالبان قیدیوں کو رہا کر دیا۔ واضح رہے کہ بگرام جیل کا کنٹرول گزشتہ برس صدر حامد کرزئی کے شدید ترین اصرار پر افغان حکومت کے حوالے کیا گیا تھا، جہاں امریکی حکام کے مطابق 88 خطرناک قیدیوں کو بھی رکھا گیا ہے۔ امریکہ نے ان متنازع قیدیوں سے متعلق افغان حکومت کو ثبوت بھی فراہم کئے تھے جنہیں افغان حکومت کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی نے ناکافی قرار دے دیا۔ دوسری جانب افغان صدر حامد کرزئی نے بھی امریکی موقف ماننے سے انکار کر تے ہوئے ان قیدیوں کی مرحلہ وار رہائی کا اعلان کیا تھا  اور کہا تھا کہ بگرام جیل ”طالبان” پیدا کرنے کی فیکٹری بن چکی ہے۔ افغانستان میں موجود امریکی فورسز نے ان قیدیوں کی رہائی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ امریکی فورسز کے مطابق یہ خطرناک قیدی ہیں ان کی رہائی قابل مذمت ہے کیونکہ ان کے ہاتھ افغانوں اور غیر ملکیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور یہ قیدی سڑک کنارے بم دھماکوں اور فوجی قافلوں پر حملوں میں براہ راست ملوث رہے ہیں۔ واضح رہے کہ افغان صدر حامد کرزئی امریکہ سے ناراض  نظر آتے ہیں جبکہ امریکہ بھی اب ان پر اعتماد کرنے کے لیے تیار نہیں۔

No comments.

Leave a Reply