صومالیہ: الشباب کے ٹھکانوں پر امریکی بمباری

صومالیہ میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والا الشباب گروپ

صومالیہ میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والا الشباب گروپ

موغا دیشو ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکی بمبار طیاروں نے صومالیہ میں عسکریت پسند گروپ الشباب کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے، امریکی حملے کا ہدف جنوبی صومالیہ کا علاقہ تھا۔ الشباب کے بارے میں مشہور ہے کہ یہ القاعدہ سے وابستہ گروپ ہے جو افریقی ممالک میں سرگرم ہے۔ فوجی حکام نے اپنی شناخت سامنے نہ لانے کی شرط پر عالمی خبر رساں ادارے رائٹر کو بتایا ہے کہ امریکی بمباری کا ہدف ایک عسکری رہنما تھا۔ فوجی حکام نے ہدف بنائے گئے الشباب لیڈر کا نام بھی ظاہر کرنے سے معذرت کی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ برسوں کے دوران امریکا کو پاکستان، افغانستان اور یمن میں ڈرون طیاروں کے ذریعے میزائل حملے  کرنے پر انسانی حقوق سے متعلق اداروں کی طرف سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق سے متعلق ادارے ڈرون حملوں سے وسیع پیمانے پر ہونے والی بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں پر تنقید کرتے ہیں، امریکی ڈرونز عسکریت پسندوں کو نشانہ بناتے ہوئے عام شہریوں کی زندگیوں کا بھی خاتمہ کردیتے ہیں۔ ان دنوں صومالیہ امریکی ریڈار کی زد میں ہے، اس کی بڑی وجہ صومالیہ میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والا الشباب گروپ کا سامنے آنا ہے۔ امریکی فوجی حکام کے مطابق بمباری براوے کے نزدیک موجود دور افتادہ علاقوں میں کی گئی ہے۔ یہ بمباری مغربی ملکوں کے شہریوں اور سیکیورٹی اہکاروں کے اغوا کے بعد کی گئی ہے، تاہم عسکریت پسندوں کے کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔ براوے کو جنوبی صومالیہ کی ساحلی پٹی کی طرف عسکریت پسندوں کا اہم گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ اس سے پہلے پچھلے سال ماہ اکتوبر میں بھی امریکی کمانڈوز نے عسکریت پسندوں کو اسی علاقے میں ایک کارروائی کی زد میں لانے کی کوشش کی تھی، لیکن امریکی کارروائی ناکام رہی تھی۔ بعد ازاں امریکی کمانڈوز کو ایک ناکام کارروائی سے واپس آنا پڑا تھا اور الشباب کمانڈر اکریما کو گرفتار نہیں کیا جا سکا تھا۔ الشباب پر پڑوسی ملک کینیا میں حملوں کا بھی الزام ہے۔

No comments.

Leave a Reply