ٹرمپ کے اقدامات سے عالمی تجارتی جنگ چھڑنے کا خدشہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کی 60 ارب ڈالر کی درآمدات پر 25 فیصد تک ٹیرف لگا دیے گئے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کی 60 ارب ڈالر کی درآمدات پر 25 فیصد تک ٹیرف لگا دیے گئے

بیجنگ ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی درآمدات پر اربوں ڈالر کی ڈیوٹیز لگانے کے اقدامات سے دنیا میں تجارتی جنگ چھڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا جبکہ یورپ بھی امریکی اقدامات پر انتقامی کارروائی کرنے کے لیے غور کر رہا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پہلے اسٹیل اور ایلومینیم درآمدات پر ٹیرف عائد کیے گئے  اور اس کے بعد چین کی 60 ارب ڈالر کی درآمدات پر 25 فیصد تک ٹیرف لگا دیے گئے۔  امریکا نے ان چینی شعبوں کو ہدف بنایا جس میں واشنگٹن کا دعوی ہے کہ ان میں چین نے امریکی ٹیکنالوجی چرائی ہے۔

جواب میں بیجنگ نے بھی امریکا کو اس کی مصنوعات پر ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دے دی ہے اور اس سلسلے میں چینی وزارت تجارت نے 128 اشیا پر ایک فہرست بھی تیار کر لی ہے۔  ان امریکی اشیا پر 10 سے 25 فیصد تک ٹیرف عائد کیے جا سکتے ہیں۔ دوسری طرف یورپ بھی امریکی اقدامات پر انتقامی کارروائی کرنے کے لیے غور کر رہا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے متنبہ کیا ہے کہ یورپ کمزوری دکھائے بغیر واشنگٹن کی دھمکیوں کا جواب دے گا  تاہم ہفتہ کو تجارتی کشیدگی کم ہونے کے بھی اشارے ملے ہیں، امریکا اور چین نے تجارتی معاملات پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق چینی نائب وزیر اعظم اور انچارج معیشت Li Keqiangاور امریکی وزیر خزانہ Steven Mnuchin کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے،  چینی نائب وزیر اعظم نے امریکی وزیر سے کہا کہ بیجنگ اپنے قومی مفادات کے دفاع کے لیے تیار ہے مگر امید ہے کہ دونوں ممالک ہوش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتھ کام کریں گے۔ انھوں نے حقوق ملکیت دانش سے متعلق چینی پریکٹسز میں امریکی تحقیقات کو تجارتی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔ قبل ازیں چین نے امریکا کو 3 ارب ڈالر کی مصنوعات پر انتقامی ڈیوٹیوں کی دھمکی بھی دی۔

No comments.

Leave a Reply