پاکستان سے محبت رکھنے والے بنگالیوں کو سخت سزا ملنی چاہئے: حسینہ واجد

بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد

بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد

ڈھاکہ ۔۔۔ نیوز ٹائم

بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے اب تک محبت کرنے والے بنگلہ دیشیوں کو سزا ملنی چاہیے۔ دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے وہ شہری جو ایک خودمختار ملک میں رہتے ہوئے اب تک پاکستان سے محبت کرتے ہیں،  انہیں سخت سزا ملنی چاہیے،  ہمیں ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جن کی مدد سے بنگلہ دیشی شہریوں میں پاکستان کی محبت ختم ہو جائے  جبکہ عوام کو بھی ان لوگوں کے خلاف سخت جواب دینا چاہیے جو پاکستان سے محبت کرتے ہیں، ہم ایسا نہیں کر سکتے تو ہمارا وجود مٹ جائے گا۔ بنگلہ دیشی وزیر اعظم نے الزام لگاتے ہوئے کہا بنگلہ دیش ناکامی کی جانب جائے گا تو اس سے پاکستان خوش ہو گا،  بالکل ویسے ہی 1975ء میں بنگلہ دیش کے حکمران پاکستان کو خوش کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا اس وقت کے بنگلہ دیشی حکمران نہیں چاہتے تھے بنگلہ دیش ترقی کرے  اور اسی لیے وہ پاکستانی فورسز کا ایجنڈا مسلط کر رہے تھے۔  واضح رہے یہ پہلی بار نہیں جب بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے پاکستان کے خلاف زہر اگلا ہے۔  اے این این کے مطابق شیخ حسینہ واجد نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا بنگالیوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت نکالنے کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔

No comments.

Leave a Reply