فلسطینی مہاجرین کا گھر واپسی مارچ پانچویں ہفتے میں داخل

تیس  مارچ سے اب تک 39 فلسطینی شہید اور 5511 زخمی ہو گئے

تیس مارچ سے اب تک 39 فلسطینی شہید اور 5511 زخمی ہو گئے

غزہ ۔۔۔ نیوز ٹائم

غزہ کی پٹی میں فلسطینی مہاجرین کا گھر واپسی مارچ پانچویں ہفتے میں داخل ہو گیا۔ مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 4 طبی اہلکاروں اور 6 صحافیوں سمیت 50 افراد زخمی ہو گئے۔ 30 مارچ سے اب تک 39 فلسطینی شہید اور 5511 زخمی ہو گئے۔ اسرائیل سے بے دخل فلسطینیوں کا احتجاج پانچویں ہفتے میں داخل ہو گیا ہے۔ غزہ کی پٹی میں ایک بار پھر ہزاروں فلسطینی اسرائیلی سرحد پر پہنچ گئے۔ اسرائیلی فورسز نے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیلز برسائے اور متعدد افراد کو براہ راست گولیاں ماریں۔ صیہونی افواج نے طبی امداد فراہم کرنے والے اہلکاروں اور صحافیوں کو بھی نہیں بخشا۔ خلیجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق 30 مارچ سے جاری احتجاج میں اب تک 39 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اس دوران 5511 افراد زخمی ہوئے، 1499 زخمیوں کو براہ راست گولیاں لگیں جبکہ 107 افراد ربڑ کی گولیوں کا نشانہ بنے اور 408 افراد آنسو گیس کے شیلز لگنے سے زخمی ہوئے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی حقوق کے سربراہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں طاقت کے استعمال کو بند کرے۔

No comments.

Leave a Reply