ملائشیا کی پاکستانی تاجروں کو ‘انٹریڈ’ ایکسپو میں شرکت کی دعوت

ملائشیا کے قونصل جنرل Abu Bakar Mamat

ملائشیا کے قونصل جنرل Abu Bakar Mamat

کراچی ۔۔۔ نیوز ٹائم

ملائشیا کے قونصل جنرل Abu Bakar Mamat  نے پاکستان اور ملائشیا کے درمیان دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے پاکستانی کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس (پی سی ڈی ایم اے) کے ساتھ مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور دونوں  ممالک کے تاجروں کو ایک دوسرے کے قریب لانے، باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے پاکستانی تاجروں کو نومبر 2014ء میں ملائشیا میں منعقد ہونے والی ‘انٹریڈ’ ایکسپو میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ کراچی قونصلیٹ میں پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین شوکت ریاض کی سربراہی میں آنے والے ایک وفد سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجر مذکورہ نمائش میں شرکت کر کے تجارت کے نئے مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔ وفد میں پی سی ڈی ایم کے وائس چیئرمین ارشد کمال، ڈپلومیٹ کمیٹی کے کنوینر وسیم وہرہ، سابق وائس چیئرمین زبیر ریاض، ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ندیم آفتاب اور سیکٹری جنرل سید شکیل احمد شامل تھے۔ اس موقع پر ملائشیا کے قونصل جنرل ابوبکر مامت نے مزید کہا کہ ‘انٹریڈ’ ایکسپو میں شرکت کے دوران پاکستانی تاجر خصوصاً پی سی ڈی ایم اے کے ممبران ملائشیا میں موجود صنعتوں کا دورہ کر سکیں گے، اس موقع پر دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان بزنس ٹو بزنس میٹنگز کا بھی اہتمام کیا جائے گا تاکہ دو طرفہ تجارت کو فروغ حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا میں کاروباری و صنعتی اداروں کو آزادانہ ماحول میں کام کرنے کی سہولت حاصل ہے اور سرکاری مداخلت نہیں کی جاتی۔ پاکستانی تاجر ملائشیا میں دستیاب کاروباری سہولتوں  کا ضرور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی تجارتی نمائش Pakistan Expo ‘ میں ملائشیا کی کمپنیاں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کرتی ہیں، گزشتہ سال 90 کمپنیوں نے ‘ایکسپو پاکستان’ میں شرکت کی تھی۔ چیئرمین پی سی ڈی ایم اے شوکت ریاض نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 2.2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے تاہم تجارتی حجم ملائشیا کے حق میں ہے جبکہ ملائشیا کو پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامک فناس، حلال فوڈ انڈسٹریز، توانائی، انفراسٹرکچر و ڈیولپمنٹ، مواصلات اور تعلیم کے شعبوں میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

No comments.

Leave a Reply