ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز 5 سال کیلئے نااہل، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری تاحیات نااہل قرار

ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز

ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

سپریم کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے دیا۔ دانیال عزیز 5 سال کے لئے نااہل ہو گئے، لیگی رہنما کو عدالت برخواست ہونے تک قید کی سزا بھی سنائی گئی۔ سپریم کورٹ کے جسٹس مشیر عالم نے فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دانیال عزیز عدالت اور ججز کی توہین کے مرتکب ہوئے، انہوں نے انصاف فراہمی کے عمل میں مداخلت کی۔ عدالت نے آرٹیکل 204 کے تحت دانیال عزیز کو توہین عدالت کی سزا سنائی۔  لیگی رہنما عام انتخابات میں حصہ بھی نہیں لے سکیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میرے خلاف 3 الزامات تھے، کچھ الزامات 8 ماہ پرانے تھے، جس لفظ پر توہین عدالت لگی وہ میں نے نہیں کہا۔  انہوں نے کہا یوسف رضا گیلانی، آصف زرداری، جاوید ہاشمی نے بھی سزا کاٹی، زرداری صاحب نے سزا کاٹی تو وہ ملک کے صدر بن گئے۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا یوسف رضا گیلانی کی طرح کسی عدالتی حکم کی خلاف ورزی نہیں کی، میں اور میری جماعت نے ہر عدالتی حکم کی تعمیل کی، ہم نے صوبے کو مرکز کے ساتھ نہیں لڑایا۔  انہوں نے کہا یوسف رضا گیلانی نے جیل کاٹی اور وزیر اعظم بن گئے، 1991ء سے الیکشن لڑنا شروع کیا، میں نے مقامی حکومت کا نظام بنایا، مجھے کوئی پلاٹ ملا نہ پنشن کے لیے یہاں ہوں۔ یاد رہے رواں برس 2 فروری کو سپریم کورٹ نے عدلیہ مخالف تقریر کے ازخود نوٹس کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔  7 فروری 2018 ء کو سپریم کورٹ نے توہین عدالت ازخود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے  دانیال عزیز کو وکیل کی خدمات حاصل کرنے کے لیے 10 روز کی مہلت دی تھی۔

13 مارچ کو عدالتِ نے دانیال عزیز کے خلاف توہینِ عدالت کیس میں فردِ جرم عائد کر دی اور جسٹس مشیر عالم نے فردِ جرم پڑھ کر سنائی۔ سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس کا فیصلہ 3 مئی کو محفوظ کیا تھا، عدلیہ مخالف بیانات پر سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کے خلاف نوٹس لیا تھا۔ اس کے علاوہ توہین عدالت کیس میں سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو بھی سزا ہو چکی ہے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی  آبائی حلقوں سے تاحیات نااہل قرار دے دیا۔  اپیلٹ ٹریبونل راولپنڈی نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے آبائی حلقے این اے 57 مری سے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں تاحیات نااہل قرار دے دیا۔  ٹربیونل نے این اے 57 کے ریٹرننگ آفیسر ایڈیشنل سیشن جج حیدر علی کو آر او کے عہدے ہٹانے کا تحریری حکم جاری کر دیا ہے الیکشن ٹریبونل نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے۔فیصلے کے مطابق سابق وزیر اعظم نے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے، وہ 62 ون ایف کے تناظر میں اہل نہیں ہیں۔ تحریری فیصلہ الیکشن ٹریبونل کے سربراہ جسٹس عباد الرحمان لودھی نے جاری کیا۔

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔ اپیلٹ ٹربیونل نے پی ٹی آئی کے امیدوار فواد چودھری کے این اے 67 جہلم سے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دے دیا  جس کے بعد وہ اب این اے 67 جہلم سے کبھی انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔  راولپنڈی الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری کی تاحیات نااہلی سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کیا  جس میں کہا گیا کہ فواد چوہدری حقائق چھپانے پر صادق اور امین نہیں رہے، فواد چوہدری کو زرعی انکم ٹیکس چھپانے، دوسری شادی ظاہر نہ کرنے اور ذرائع آمدن نہ بتانے پر تاحیات نااہل قرار دیا گیا  جبکہ انہوں نے ٹیکس ریٹرنز میں ٹریولنگ اخراجات بھی ظاہر نہیں کئے۔

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے جسٹس عباد الرحمان لودھی کے خلاف پاکستان بار کونسل اور سپریم جیوڈیشل کونسل سے رجوع کا اعلان کیا، فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، مجھے پیغام آیا کہ افتخار چوہدری کے خلاف پریس کانفرنسز نہ کریں ورنہ آپ کا انتخاب متاثر ہو گا، افتخار چوہدری اور ان کی باقیات کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، عباد الرحمان لودھی، افتخار چوہدری کے چہیتے جج ہیں، اس فیصلے میں میرٹ کی بنیاد پر کوئی مواد نہیں۔

No comments.

Leave a Reply