نواز شریف کا ہنگامہ خیز سیاسی کیریئر

نواز شریف نے 1981 میں جنرل ضیاء الحق کے دور میں پنجاب کے وزیر خزانہ بنے

نواز شریف نے 1981 میں جنرل ضیاء الحق کے دور میں پنجاب کے وزیر خزانہ بنے

نیوز ٹائم

نواز شریف کے 40 سالہ سیاسی سفر میں ایک اور موڑ، 10 سال قید بامشقت سنا دی گئی،  مسندِ اقتدار سے کال کوٹھری اور قید و بند کی صعوبتیں کیریئر کا حصہ رہیں،  کبھی اٹک قلعہ تو کبھی وزیر ِاعظم ہائوس کے مکین رہے۔

نواز شریف نے سیاست کا آغاز 70ء  کی دہائی میں Tehrik-e-Istiqlal سے کیا اور پھر مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کر لی۔ 1981 میں جنرل ضیاء الحق کے دور میں پنجاب کے وزیر خزانہ بنے۔ 1985ء میں غیر جماعتی انتخابات میں کامیابی کے بعد پنجاب کے وزیر ِاعلی منتخب ہوئے۔  1988 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی نے مرکز میں حکومت بنائی اور بینظیر بھٹو وزیر ِاعظم منتخب ہوئیں  لیکن پنجاب میں اکثریت آئی جے آئی کو ملی اور نواز شریف پھر وزیرِ اعلی بن گئے۔ 1990 کے الیکشن میں آئی جے آئی مرکز میں بھی حکومت بنانے میں کامیاب رہی جس کے بعد نواز شریف نے وزیر ِاعظم کے طور پر حلف اٹھایا۔  1993 میں صدر اسحاق خان نے ان کی حکومت برطرف کر دی۔  سپریم کورٹ نے صدارتی حکم کالعدم قرار دے کر نواز شریف کو بحال کر دیا لیکن چند دن بعد وہ خود ہی مستعفی ہو گئے۔ 1997 میں دو تہائی اکثریت سے دوسری بار وزیر ِاعظم بن گئے۔  کچھ عرصہ بعد ہی چیف جسٹس سجاد علی شاہ کے ساتھ اختلافات پیدا ہو گئے جس کے نتیجے میں چیف جسٹس سجاد علی شاہ اور صدر فاروق لغاری کو گھر جانا پڑا۔

  12 اکتوبر 1999ء میں نواز شریف نے آرمی چیف پرویز مشرف کو ہٹانے کی کوشش کی تو انہوں نے ان کا تختہ الٹ دیا۔   نواز شریف کو گرفتار کر کے Attock قلعہ میں بند کر دیا گیا اور طیارہ سازش کیس میں انہیں عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔ 2000 میں مبینہ معاہدے کے تحت نواز شریف اور فیملی کو 10 سال کیلئے سعودی عرب جلاوطن کر دیا گیا۔  2007 میں نواز شریف پاکستان واپس پہنچے مگر ائیر پورٹ سے ہی واپس بھیج دیا گیا۔  بینظیر بھٹو کے آنے کے بعد نواز شریف کی راہ بھی ہموار ہو گئی، مگر عدالتی حکم پر 2008ء کے عام انتخابات میں حصہ نہ لے سکے۔  مرکز میں پیپلز پارٹی اور پنجاب میں ن لیگ کی اتحادی حکومت قائم ہوئی۔ 2013 کے انتخابات میں کامیابی کے بعد نواز شریف تیسری بار وزیر ِاعظم بنے۔  2014 میں عمران خان نے اسلام آباد میں 126 دن کا دھرنا دیا، پھر ڈان لیکس کا معاملہ سامنے آیا جس کے بعد وزیرِ اطلاعات پرویز رشید کو مستعفی ہونا پڑا۔

2016 میں Panama Papers کا معاملہ سامنے آیا جس نے دنیا بھر کو ہلا کر رکھ دیا۔ 2 نومبر 2016ء کو سپریم کورٹ نے پاناما کیس میں جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا۔ 28 جولائی 2017ء میں سپریم کورٹ نے وزیر ِاعظم نواز شریف کو نااہل کرتے ہوئے نیب کو ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا۔ 13 اپریل 2018ء کو سپریم کورٹ نے آرٹیکل 62 ایف کی تشریح کر دی جس کے تحت نواز شریف تاحیات نااہل قرار پائے۔ 6 جولائی 2018ء کو نیب عدالت نے Avenfield میں نواز شریف کو 10 سال قید بامشقت اور 80 لاکھ پائونڈ جرمانے کی سزا سنا دی۔

No comments.

Leave a Reply