برازیل کے جنگلوں میں آباد دنیا کے تنہا ترین انسان کی ویڈیو وائرل

قدیم جنگلی باشندے کو کلہاڑی کے ذریعے ایک درخت کو کاٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے

قدیم جنگلی باشندے کو کلہاڑی کے ذریعے ایک درخت کو کاٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے

براسیلیا ۔۔۔ نیوز ٹائم

برازیل کے جنگلوں میں بسنے والے قدیم قبیلے کے آخری بچنے والے فرد کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی جو 22 سال سے تنہا زندگی گزار رہا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق 1992ء  میں کسانوں کے حملے میں قدیم قبیلے کے 6 افراد کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ یہ قبیلہ مکمل طور پر جنگلی زندگی بسر کر رہا تھا اور جدید انسان سے مکمل طور پر غیر مانوس اور علیحدہ تھا۔ کسانوں کے حملے میں قبیلے کا ایک ہی فرد زندہ بچا تھا لیکن اس کا سراغ نہیں مل پا رہا تھا  تاہم اب 22 سال بعد اس جنگل میں مکمل طور پر تنہا زندگی بسر کرنے والے شخص کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی ہے۔

جنگل میں زندگی بسر کرنے والے قدیم قبیلے کے آخری فرد کی ویڈیو برازیل کے سرکاری ادارے فونائی نے بنائی ہے  جس میں قدیم جنگلی باشندے کو کلہاڑی کے ذریعے ایک درخت کو کاٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ویڈیو سے یہ بھی اندازہ لگایا جا سکتا ہے  کہ اس شخص کی صحت 22 سال بعد بھی قابل رشک ہے جبکہ ماضی میں اس شخص کی بنائی ہوئی کچھ جھونپڑیاں اور تیر وغیرہ بھی اس جنگل سے برآمد ہوئے تھے۔ برازیل کے جنگلوں میں آباد قدیم روایتوں کے امین ان قبیلوں کی دیکھ بحال کے لیے قائم سرکاری ادارے فونائی کا کہنا ہے  کہ برازیلی قانون کے تحت مقامی قبائلیوں کو اپنے علاقے پر مالکانہ حقوق حاصل ہوتے ہیں تاہم ارد گرد آباد کسان ان علاقوں پر قابض ہونا چاہتے ہیں  جبکہ فونائی خود بھی ایسے لوگوں سے رابطہ کرنے کی کوشش نہیں کرتا کیونکہ ان میں جدید انسان کے جراثیم کے خلاف مدافعت نہیں ہوتی  اور یہ بڑی آسانی سے زکام جیسے معمولی مرض کا شکار ہو کر مر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اب تک اس 50 سالہ شخص سے کسی جدید انسان کا رابطہ نہیں ہوا۔ نہ اس کے قبیلے کے نام کا کسی کو پتا ہے اور نہ ہی یہ معلوم ہے کہ وہ لوگ کون سی زبان بولتے تھے۔ اسے میڈیا میں دنیا کا تنہا ترین انسان کہا جاتا ہے، خود بھی جدید انسانوں سے رابطہ نہیں رکھنا چاہتا اور اگر کوئی اس کے علاقے میں جائے تو اس پر تیر برساتا ہے۔

No comments.

Leave a Reply