بابر اعوان، پرویز اشرف کے خلاف نندی پور پراجیکٹ میں تاخیر پر نیب ریفرنس، بابر اعوان مشیر پارلیمانی امور کے عہدے سے مستعفی

وزیر اعظم عمران خان کے مشیر بابر اعوان اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف

وزیر اعظم عمران خان کے مشیر بابر اعوان اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

قومی احتساب بیورو (نیب) نے نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر پر بابر اعوان اور راجہ پرویز اشرف کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا۔ نیب راولپنڈی کے مطابق نندی پور پراجیکٹ میں تاخیر پر وزیر اعظم عمران خان کے مشیر بابر اعوان اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔ ریفرنس میں سابق ریسرچ کنسلٹنٹ شمائلہ محمود، سابق سینئر جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر ریاض محمود، سابق سیکرٹری قانون مسعود چشتی، سابق سیکریٹری قانون جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی، سابق سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔  ریفرنس کے مطابق ان تمام ملزمان کی غفلت کی وجہ سے نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر ہوئی جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو 27 ارب روپے کا نقصان ہوا۔  نندی پور معاہدے کے لئے وزارت پانی و بجلی نے وزارت قانون سے رائے مانگی تو وزارت قانون نے صرف رائے دینے میں 2 سال لگا دیے،  تحقیقات سے ثابت ہوا کہ ملزمان نے جان بوجھ کر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔ بابر اعوان اس وقت پیپلز پارٹی کی حکومت میں وزیر قانون اور راجہ پرویز اشرف وزیر اعظم تھے۔ تاخیر کی وجوہات جاننے کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر 2011 ء میں نندی پور تحقیقاتی کمیشن قائم کیا گیا تھا۔ کمیشن نے رپورٹ میں وزارت قانون کے افسران کو تاخیر کا ذمہ دار قرار دیا۔  وزارت قانون نے معاملہ نیب کو بھجوایا جس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

دوسری جانب  تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے مشیر پارلیمانی امور کے عہدے سے استعفی دے دیا۔ نندی پور پاور پروجیکٹ میں نام آنے کے بعد بابر اعوان نے تحقیقات میں مدد کے لیے مشیر پارلیمانی امور کے عہدے سے استعفی دے دیا، انہوں نے اپنا استعفی وزیر اعظم عمران خان کو ارسال کر دیا ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں بابر اعوان نے کہا ہے کہ نیب ریفرنس کے الزامات کو غلط ثابت کرنے کے لیے میرا بطور قانون دان عہدے پر رہنا مناسب عمل نہیں،  قانون کی بالادستی کا آغاز اپنی ذات سے کر رہا ہوں کیونکہ ہمارے جلیل القدر صحابہ کرام کا طریقہ کار بھی یہی ہے،  کرسی سے چمٹے رہنے کے بجائے استعفی دے کر کپتان کو ارسال کر دیا ہے تاکہ عدالت میں ڈٹ کر اپنی بے گناہی ثابت کر سکوں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے بابر اعوان کی جانب سے منصب سے علیحدگی کے فیصلے کو سراہا ہے،  بابر اعوان نندی پور مقدمے میں تحقیقات تک منصب سے الگ رہیں گے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی دوبارہ منصب سنبھالیں گے۔

No comments.

Leave a Reply