صدر مملکت ممنون حسین کی مدت صدارت کا آج آخری روز

صدر ممنون حسین نے ایوان صدر کے اسٹاف سے الوداعی ملاقات کی

صدر ممنون حسین نے ایوان صدر کے اسٹاف سے الوداعی ملاقات کی

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

صدر مملکت ممنون حسین کی مدت صدارت کا آج آخری روز ہے۔ ترجمان ایوان صدر کے مطابق نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی کل پاکستان کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ صدر ممنون حسین اپنے عہدِ صدارت کی مدت مکمل ہونے پر آج صدارتی ذمہ داروں سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ ایوان صدر سے رخصتی کے موقع پر انھیں مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔ صدر ممنون حسین نے ایوان صدر کے اسٹاف سے الوداعی ملاقات کی اور اپنا عہدِ صدارت مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ صدر ممنون حسین نے ملک کے 12ویں صدر کی حیثیت سے فرائض انجام دیئے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے 2013 ء میں ممنون حسین کو صدارت کے لئے نامزد کیا تھا۔ منتخب ہونے والے نئے صدر عارف علوی کل حلف اٹھائیں گے۔ صدارتی حلف برداری کی تقریب میں تمام جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا۔

ڈاکٹر عارف علوی تحریک انصاف کے ٹکٹ پر 25 جولائی 2018 ء کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 247 سے کامیاب ہوئے تھے۔ صدارت کا حلف اٹھانے کے بعد وہ یہ نشست چھوڑ دیں گے۔ ڈاکٹر عارف علوی 4 ستمبر کو ہونے والی پولنگ کے نتیجے میں ملک کے آئندہ صدر کی حیثیت سے منتخب ہوئے تھے۔ صدر ممنون حسین نے گزشتہ روز ایوان صدر کے افسران اور اہلکاروں سے الوداعی ملاقات کی۔  اس موقع پر صدر ممنون حسین نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ آئین و قانون کی پاسداری اور اچھی حکمرانی میں ہی وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی پوشیدہ ہے۔ ممنون حسین نے کہا کہ وہ عہدہ صدارت چھوڑتے وقت اس بات پر مطمئن ہیں کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اپنے اختیارات اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کیا۔ صدر ممنون حسین نے ایوانِ صدر کے عملے کا شکریہ ادا کیا  جن کے تعاون سے وہ اپنی سرکاری ذمہ داریاں اچھے طریقے سے پوری کر پائے۔

No comments.

Leave a Reply