جاپانی وزیر ِاعظم شنزو آبے کا اقوام متحدہ سے خطاب میں آزاد تجارت کو فروغ دینے کا عزم

جاپان کے وزیر ِاعظم شِنزو آبے

جاپان کے وزیر ِاعظم شِنزو آبے

نیو یارک ۔۔۔ نیوز ٹائم

جاپان کے وزیر ِاعظم شِنزو آبے نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں آزادانہ تجارت کو فروغ دینے اور شمالی کوریائی رہنما کِم جونگ ان سے سربراہی اجلاس منعقد کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے آبے تیسری مرتبہ 3 سالہ میعاد کے لیے جاپان کی مرکزی حکمران جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے قائد منتخب ہوئے ہیں۔ آبے نے کہا کہ آئندہ تین سالوں کے دوران وہ آزاد تجارت کے نظام کو مستحکم کرنے اور شمال مشرقی ایشیا سے بعد از جنگ کے ڈھانچے کو ہٹانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔آبے نے کہا کہ انہوں نے اندرونِ ملک شدید بحث پر قابو پاتے ہوئے آزاد تجارت کو فروغ دیا ہے۔

انہوں نے ایشیا بحرالکاہل خطے کے ممالک سے علاقائی جامع اقتصادی شراکتداری پر بات چیت آگے بڑھانے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید آگے جانے کا عزم رکھتے ہیں۔ آبے نے کہا کہ جاپان اور امریکہ نے عالمی آزاد تجارتی نظام کی کئی سال قیادت کی ہے۔ انہوں نے کہا وہ چاہتے ہیں کہ یہ دونوں ممالک ایسا ہی کرنا جاری رکھیں  کیونکہ ان کے خیال میں اسی میں دونوں کا مفاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ کے ساتھ آزادانہ، منصفانہ اور ہم پلہ تجارتی مذاکرات کے لیے زور دیں گے۔

اس کے بعد آبے نے شمالی کوریا کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کی جانب سے جاپانی شہریوں کے اغوا اور اس کی جوہری و میزائل ترقی کے معاملات حل کرنے کی جاپانی پالیسی غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ تمام اغوا شدگان کو واپس لانے کا ارادہ کیے ہوئے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ اس کے بعد جاپان اپنے ناخوشگوار ماضی کا ازالہ کرے گا  اور معمول کے سفارتی تعلقات کے قیام کے لیے کوشاں رہے گا۔ آبے نے کہا کہ وہ، باہمی عدم اعتمادی پر قابو پانے اور نئے آغاز کرنے کی غرض سے شمالی کوریائی رہنما سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔

No comments.

Leave a Reply