جاپان، امریکہ مشترکہ اعلامیہ، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے مذاکرات پر اتفاق

جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ

جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ

نیو یارک ۔۔۔ نیوز ٹائم

جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ نیو یارک میں گزشتہ روز سربراہ ملاقات کے بعد جاری کیے جانے والے مشترکہ اعلامیے میں دونوں رہنمائوں نے اپنے اس عزم کی ایک بار پھر تصدیق کی کہ عالمی معیشت کی آزاد، منصفانہ اور واضح پیشرفت کو ممکن بنایا جائے گا۔ اس اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضروری ملکی قواعد و ضوابط مکمل کرنے کے بعد جاپان اور امریکہ اشیا کی تجارت کا معاہدہ کرنے کے لیے مذاکرات شروع کریں گے۔ مزید کہا گیا ہے کہ جاپان اور امریکہ باہمی اعتماد کی بنیاد پر بات چیت کریں گے اور مشاورتی عمل کے دوران اس اعلامیے کے منافی اقدامات سے گریز کیا جائے گا۔ دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ ان مذاکرات کے دوران امریکہ جاپانی گاڑیوں پر محصول عائد نہیں کرے گا۔

جاپانی وزی اعظم شنزو آبے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہ ملاقات سے پہلے اور پچھلے ہفتے شمالی کوریا میں تیسری بین الکوریائی سربراہ ملاقات ہوئی تھی جبکہ رواں ہفتے نیو یارک میں امریکہ اور جنوبی کوریا کے رہنمائوں کی، جاپان اور جنوبی کوریا کے رہنمائوں کی ملاقات ہوئی ہے۔ شنزو آبے اور ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ دونوں ملک جنوبی کوریا کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے تاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی شمالی کوریا پر عائد پابندیاں مکمل طور پر نافذ کی جائیں اور شمالی کوریا کے ہاتھوں اغوا ہونے والے جاپانی شہریوں کا مسئلہ بھی حل کیا جا سکے۔

No comments.

Leave a Reply