بدھ کو پی ٹی آئی کی حکومت کے 100 دن مکمل، وزارت خزانہ نے رواں مالی سال کے اعداد و شمار جاری کر دئیے

بدھ کو پی ٹی آئی کی حکومت کے 100 دن مکمل

بدھ کو پی ٹی آئی کی حکومت کے 100 دن مکمل

اسلام آباد  ۔۔۔ نیوز ٹائم

تحریک انصاف کی حکومت کے رواں ہفتے اس بدھ کو 100 روز مکمل ہو جائیں گے اور کارکردگی سامنے آئے گی۔ 100 روزہ پروگرام کی کامیابیوں کا اعلان کیا جائے گا۔ 100 روز کے دوران حکومت کو خارجہ، داخلہ اور معیشت کے محاذ پر اہم چیلنجز کا سامنا رہا۔ پارلیمنٹ میں صرف فنانس ترمیمی بل 2018ء منظور ہو سکا۔ روپے کی قدر میں کمی آئی، تیل، گیس، بجلی کی قیمتیں بڑھ گئیں، آئی ایم ایف سے مذاکرات شروع ہوئے۔ انسداد مالیاتی دہشت گردی کی بین الاقوامی ٹاسک فورس کے اہداف کے حصول کا چیلنج درپیش ہے۔ دہشت گردی کے بڑے واقعات ہوئے۔ دھرنوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔  سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات سے سرمایہ کاری، تجارت اور امداد کے حوالے سے تازہ ہوا کے خوشگوار جھونکے آئے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت 18 اگست 2018ء کو قائم ہوئی تھی۔

دوسری جانب  وزارت خزانہ نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے اعداد و شمار جاری کر دئیے جس کے مطابق پہلی سہ ماہی میں بجٹ خسارہ 1.4 فیصد رہا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایف بی آر نے 886 ارب 58 کروڑ کے محصولات جمع کیے،  صوبوں نے 88 ارب 62 کروڑ روپے کے ٹیکس جمع کیے، نان ٹیکس ریونیو وفاق نے 112 ارب، صوبوں نے 14 ارب 79 کروڑ روپے جمع کیے۔ وزارت خزانہ کے مطابق حکومت کی مجموعی آمدنی 1102 ارب روپے، اخراجات 1643 ارب 44 کروڑ روپے رہے، حکومت کے جاری اخراجات 1480 ارب روپے رہے۔ قرضوں پر سود کی ادائیگی میں 507 ارب، دفاعی اخراجات 219 ارب 39 کروڑ روپے رہے جبکہ حکومت کا بجٹ خسارہ 541 ارب 88 کروڑ روپے رہا۔ وزارت خزانہ کے مطابق بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے مقامی مارکیٹ سے 330 ارب 90 کروڑ روپے کا قرض لیا، خسارہ پورا کرنے کے لیے بیرونی مارکیٹ سے بھی 210 ارب 77 کروڑ روپے کا قرض لیا گیا،  جاری کردہ بیان کے مطابق ترقیاتی اخراجات اور دئیے جانے والے قرضوں کا حجم 108 ارب 96 کروڑ روپے رہا۔

No comments.

Leave a Reply