تھائی لینڈ: انتخابات میں فوج کی حمایت یافتہ پارٹی آگے

پریوتھ چینوچا کے اگلے 5 سال کے لیے وزیر اعظم منتخب ہونے کے قوی امکانات ہیں

پریوتھ چینوچا کے اگلے 5 سال کے لیے وزیر اعظم منتخب ہونے کے قوی امکانات ہیں

بنکاک ۔۔۔ نیوز ٹائم

سیاحت اور تفریح کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھنے والے متعدد جزائر پر مشتمل ملک تھائی لینڈ میں گزشتہ روز ہونے والے عام انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق فوج کی حمایت یافتہ پارٹی سب سے آگے ہے۔ تھائی لینڈ میں 2014 ء میں ہونے والی فوجی بغاوت کے بعد 24 مارچ کو انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی تھی۔ انتخابات میں 5 کروڑ سے زائد افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ انتخابات کے ذریعے عوام ایوان زیریں کے 350 امیدواروں کا انتخاب کریں گے جبکہ 150 ارکان کو خصوصی نشستوں پر منتخب کیا جائے گا جو سینیٹ کے 250 ارکان سے مل کر ملک کے نئے وزیر اعظم کو منتخب کریں گے۔ اس بار انتخابات میں وزیر اعظم کے لیے پہلی بار مخنث خاتون سمیت سابق وزیر اعظم اور اقتدار پر قبضہ کرنے والے Prayuth Chan-ocha سمیت 60 امیدوار مدمقابل ہیں۔ تاہم اب تک کے آنے والے نتائج کے مطابق Prayuth Chan-ochaکے اگلے 5 سال کے لیے وزیر اعظم منتخب ہونے کے قوی امکانات ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اتوار کی رات دیر گئے تک 93 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی تھی، جن کے نتائج کے مطابق فوج کی حمایت یافتہ Palang Pracharat party پارٹی (پی پی پی) سب سے آگے ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک کی ہونے والی گنتی کے مطابق فوج کی حمایت یافتہ پارٹی پی پی پی 7.6 ملین  ووٹوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ دوسرے نمبر پر سابق وزیر اعظم Thaksin Shinawatra کی جماعت Pheu Thai کی سربراہی میں بننے والا سیاسی اتحاد ہے 7.2 ملین سے زائد ووٹ حاصل کیے۔

حیران کن طور پر تیسری جماعت جو نوجوانوں میں بہت مقبول سمجھی جا رہی ہے وہ دیگر پرانی سیاسی جماعتوں سے ووٹوں میں آگے اور اب تک وہ 5 ملین  سے زائد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق انتخابات میں ووٹرز کا ٹرن آئوٹ 66 فیصد سے زیادہ رہا اور 2 ملین سے زائد ووٹ خارج کیے گئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹرز کا ٹرن آئوٹ توقعات سے کافی کم رہا۔ اگرچہ اب تک الیکشن کمیشن نے حتمی نتائج جاری نہیں کیے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فوج کی حمایت یافتہ پارٹی پی پی پی حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق فوج کی حمایت یافتہ پارٹی کی مخالف پارٹی Pheu Thai کا اتحاد زیادہ سے زیادہ 120 سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ جبکہ فوج کی حمایت یافتہ پارٹی 150 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔ فوج کی حمایت یافتہ پارٹی کو سینیٹ میں پہلے ہی برتری حاصل ہے اور 250 ارکان میں سے زیادہ تر ارکان Prayuth Chan-ochaکے حمایتی ہیں، جس وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے  کہ وہ ایک بار پھر اگلے 5 سال تک تھائی لینڈ کے وزیر اعظم منتخب ہو جائیں گے۔

No comments.

Leave a Reply