مصروف زندگی میں فٹ رہنا آسان

مصروف زندگی میں فٹ رہنا آسان

مصروف زندگی میں فٹ رہنا آسان

نیوز ٹائم

مردوں کی طرح خواتین کا بھی اپنا ایک مخصوص روٹین ہوتا ہے، جس کے مطابق وہ اپنی تمام سرگرمیاں انجام دیتی ہیں۔ عموماً، خواتین کا زیادہ تر وقت روزمرہ کے کاموں مثلاً گھر، دفتر، کاروبار وغیرہ کے کام، بچوں کی دیکھ بھال، کھانے کی تیاری وغیرہ میں گزر جاتا ہے۔ ان سب کاموں میں خواتین اپنی صحت کا خیال رکھنا بھول جاتی ہیں۔ تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ خواتین صحت مند نہیں رہنا چاہتیں، بس روزمرہ کی مصروفیات میں وہ صحت کو اپنی ترجیحات میں شامل نہیں رکھ پاتیں۔ تاہم، ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ صحت مند طرز زندگی (healthy lifestyle) کے لئے آپ کو اپنی مصروف زندگی میں کوئی بڑا رد و بدل کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ چند معمولی باتوں کا خیال رکھ کر آپ صحت مند اور فٹ رہ سکتی ہیں۔

چہل قدمی:

ایک اصول بنا لیں کہ کوئی بھی فون کال بیٹھ کر نہیں سنی جائے گی۔ دن بھر میں جب کسی سے بھی فون پر بات کریں، چاہے آفس میں ہوں یا گھر میں، آپ چہل قدمی کرنا شروع کر دیں۔ کچھ اور نہیں تو بیٹھے بیٹھے اپنے پائوں کو حرکت دیں۔ اگر آپ کے پاس دن بھر میں 5 سے 10 فون کالز آتی ہیں تو اندازے کے مطابق تقریباً ایک گھنٹے کا ورک آوٹ آپ آسانی سے کر لیں گی۔ کیلوریز جلانے کا یہ سب سے آسان اور کارآمد طریقہ ہے۔

پانی ضروری ہے:

مناسب مقدار میں پانی پینا صحت کے لئے بے حد مفید ہے۔ لیکن کبھی کبھی صرف پانی پینا تھوڑا بورنگ ہو جاتا ہے۔ ایسے میں زیادہ پانی پینے کے لئے آپ بوتل میں پانی بھر کر اس میں لیموں کا عرق، انناس کے ٹکڑے، پودینہ یا سونف وغیرہ ڈال سکتی ہیں۔ اس سے نہ صرف پانی کا ذائقہ بہتر ہو گا بلکہ پانی مزید صحت بخش بھی ہو جائے گا۔

توانائی بحال رکھیں:

توانائی بحال رکھنے کے لیے انرجی بارز اپنے ساتھ رکھیں۔ زیادہ تر پروٹین بارز مصنوعی شکر یا فلیور اور دیگر اجزا سے بھرپور ہوتے ہیں۔ ایسے پروٹین بارز کا انتخاب کریں، جو صاف، غذائیت سے بھرپور اور قدرتی اجزا جیسے انڈے کی سفیدی اور میوہ جات سے تیار کردہ ہوں۔ کوشش کریں اس میں کوئی غیر معیاری اجزا شامل نہ ہوں۔ محض گلوٹین فری، سویا فری، ڈیری فری اور شوگر فری کے ٹیگ دیکھ کر استعمال نہ کریں۔

 مختصر اور فوری ورزش:

جب آپ کے پاس وقت بہت ہی کم ہو تو 10 منٹ کی ورزش ضرور کر لیں۔جس طرح گھڑی کی سوئی تیزی سے چلتی ہے، آپ بھی بالکل اسی کے ساتھ چلنے کی کوشش کریں۔ 30 جمپنگ لانجز، 20 کرنچز، 15 ایئر اسکواٹس، 10 پش اپس اور 5 ٹرائسیپ ڈپس کریں، پھر اسے دہرائیں۔

صحت بیگ:

اسکول، کالج یا دفتر جانے والی وہ خواتین جو کسی مصروفیت کی وجہ سے دن کا ایک بڑا حصہ گھر سے باہر گزارتی ہیں، انہیں چاہئے کہ اپنے ساتھ یہ بیگ ہر وقت رکھیں۔ اس میں آپ کچھ اسنیکس جیسے بیج، خشک میوے اور پھل وغیرہ رکھ سکتی ہیں، تاکہ جب بھی بھوک لگے، جنک فوڈ یا چپس وغیرہ کھانے کے بجائے ایسی چیزوں سے پیٹ بھر لیں۔

میٹھے کی طلب:

اپنے پاس ہمیشہ ڈارک چاکلیٹ رکھیں، جس میں 70 فیصد کوکو اور چینی یا تو نہ ہو یا پھر نہایت ہی مناسب مقدار میں ہو۔ یہ کافی اور میٹھے کی طلب دور کرنے کے لئے بہترین انتخاب ہے، اس سے توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔ اگر خالی ڈارک چاکلیٹ سے آپ کی میٹھے کی طلب پوری نہ ہوتی ہو تو اس کے ساتھ آپ ایک ٹکڑا کھجور بھی کھا سکتی ہیں۔ اسے آپ چھوٹے سے ڈیزرٹ کے طور پر بھی استعمال کر سکتی ہیں۔

تھکن کو دور بھگائیں:

پرسکون رہنے اور تھکن سے ہونے والے سر درد یا جسمانی درد کو بھگانے کے لئے چند اہم ضروری تیل جیسے لیونڈرا ورجرینیم کا تیل اپنے پاس ضرور رکھیں، ان کی خوشبو آپ کو پرسکون رکھتی ہے۔ جب آپ کشیدگی کا شکار ہوں، جیسے دن بھر مصروف گزرا ہو تو کیمومائل لوشن چہرے پر لگائیں، اس سے جِلد ہائیڈریٹ اور دماغ پرسکون رہتا ہے۔ کسی بھی اور چیز کے مقابلے میں صحت مند رہنے کے لیے مثبت طرز ِزندگی اپنانا زیادہ اہم ہے، جس کے لیے آپ کو تھوڑی سی سمجھداری ہی درکار ہے۔ اس طرح آپ مہینوں نہیں بلکہ دنوں میں اپنی صحت میں واضح بہتری دیکھیں گی۔

لمبی سانس بھریں:

جب آپ ذہنی دبائو محسوس کرنے لگیں تو خود کو پھر سے نارمل اور پرسکون کرنے کے لئے لمبی لمبی سانسیں لیں، اس سے قوت ِ برداشت میں اضافہ ہوتا ہے۔ آہستہ آہستہ سانس لیں اور اپنے ذہن میں 20 تک گنتی گنیں، اس کے بعد سانس باہر نکالیں اور یہ عمل اس وقت تک دہرائیں جب تک آپ طبیعت میں بہتری محسوس نہ کریں۔ سانس لینے کی یہ سادہ سی مشق آپ کو ہر طرح کے دبائو سے باہر نکالنے میں انتہائی کار آمد ثابت ہو سکتی ہے۔ اسے دن کے وسط میں کرنا بہتر ہے، چاہے آپ کہیں بھی موجود ہوں۔

No comments.

Leave a Reply