ایران کی پاکستانی علاقے میں فورسز داخل کرنے کی دھمکی

ایرانی وزیرداخلہ عبدالرضا رحمانی

ایرانی وزیرداخلہ عبدالرضا رحمانی

تہران ۔۔۔ نیوز ٹائم

ایران نے دھمکی دی ہے کہ ان کی فوجیں اپنے بارڈر سیکیورٹی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے پاکستانی حدود میں داخل ہوسکتی ہیں، پاکستان کو معاملہ سنجیدہ سے لینے کا کہا تھا مگر پاکستان نے کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایرانی وزیر داخلہ عبد الرضا حمانی فضلی نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کرے جو ان اہلکاروں کے اغواء میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان نے اقدامات نہ کیے تو انتظار نہیں کریں گے، پھر ایرانی فوج پاکستان میں داخل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کی رہائی کے لیے پاکستان سے وزارت خنارجہ سطح پر اب تک تین میٹنگز ہو چکی ہیں اور آج بھی میٹنگ ہوئی ہے، لیکن تاحال ان کے اہلکاروں کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ العربیہ کے مطابق ایران کے وزیرداخلہ نے یرغمال سرحدی محافظوں کی بازیابی کے لیے پاکستان اور افغانستان کے علاقے میں اپنی سکیورٹی فورسز داخل کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ایرانی وزیرداخلہ عبدالرضا رحمانی فاضلی کا سرکاری ٹیلی ویژن چینل پر سوموار کو ایک بیان نشر کیا گیا۔ اس میں انھوں نے پاکستان سے بطور خاص مطالبہ کیا ہے کہ وہ پانچ ایرانی سرحدی محافظوں کی بازیابی کے لیے سنجیدہ اور سخت اقدامات کرے یا پھر ایران کو اپنے سرحدی علاقوں کو محفوظ بنانے کی اجازت دے۔ رضا رحمانی نے دھمکی آمیز انداز میں کہا کہ ”اگر پاکستان اقدامات نہیں کرتا تو پھر ہم اس کے علاقے میں مداخلت کو اپنا حق جانیں گے اور ہم اپنے تحفظ کے لیے نیا سکیورٹی علاقہ بنائیں گے”۔ واضح رہے کہ ایک غیر معروف تنظیم ‘جیش العدل’ نے گذشتہ ہفتے ٹویٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں ایران کے پانچ سرحدی محافظوں کو اغوا کرنے کا دعوی کیا تھا اور ان کی تصاویر بھی پوسٹ کی تھیں۔ اسی تنظیم نے نومبر میں ایران کے صوبہ سیستان، بلوچستان میں ایک مقامی پراسیکیوٹر کو قتل کرنے کا دعوی کیا تھا۔

No comments.

Leave a Reply