دنیا کے پہلے تجارتی خلائی ہوٹل کا ڈیزائن جاری

وون بران روٹیٹنگ سپیس سٹیشن

وون بران روٹیٹنگ سپیس سٹیشن

نیوز ٹائم

گیٹ وے فائونڈیشن نے  دنیا کے پہلے تجارتی خلائی ہوٹل کا ڈیزائن جاری کیا ہے۔ اس ہوٹل میں ایک وقت میں 400 افراد قیام کر سکیں گے۔ اس ہوٹل میں کم کشش ثقل کا باسکٹ بال کورٹ اور ٹرامپولین بھی ہو گی۔ وون بران روٹیٹنگ سپیس سٹیشن(Von Braun Rotating Space Station) کا مصنوبہ کافی عرصے سے التوا کا شکار تھا لیکن اب اس کا ڈیزائن جاری کر دیا گیا ہے۔ اس ہوٹل کی تعمیر 2025ء میں مکمل ہو گی لیکن اسے ابھی سے دنیا کے پہلے خلائی ہوٹل کا درجہ مل گیا ہے۔

ایک انٹرویو میں اس ہوٹل کے ڈیزائنر ٹم الاٹور نے دعوی کیا کہ یہ کسی بھی کروز شپ سے زیادہ پر تعیش ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہوٹل میں ایسی بہت سی چیزیں ہوں گی، جسے آپ کروز شپ میں دیکھتے ہیں۔ اس میں ریسٹورنٹس، بارز، میوزیکل کنسرٹ مووی سکریننگ اور ایجوکیشنل سیمنارز ہوں گے۔ اس میں وہ تمام سہولتیں ہوں گی، جو زمین پر ہوتی ہیں۔ اس میں پینے اور نہانے کے لیے پانی اور کھانا پکانے کے لیے کچن بھی ہو گا۔ پینے کا پانی تو یہاں زمین سے جائے گا جبکہ نہانے اور ٹوائلٹ کے لیے پانی کو ری سائیکل کیا جائے گا۔

کمپنی کا منصوبہ ہے کہ 2025 ء میں اس کے لانچ کے موقع پر ہر ہفتے 100 افراد کو اس ہوٹل میں بھیجے۔ 2030 تک خلا میں ایسے دو اسٹیشن ہوں گے۔ جہاں 500 افراد مستقل قیام کریں گے اور 200 سیاح ہر ہفتے یہاں کا دورہ کریں گے۔ اس کے ڈیزائن میں دکھایا گیا کہ ہوٹل کے بیڈ روم کس طرح کے ہوں گے۔ یہ بیڈ روم اچھے خاصے کھلے ہوں گے اور یہاں سے زمین کو حسین نظارہ دیکھا جا سکے گا۔ ٹم نے بتایا کہ اس ہوٹل میں صرف امیر افراد ہی نہیں جا سکیں گے بلکہ ان کا ہدف ہے کہ یہ ہر کسی کی پہنچ میں ہو۔ دوسری خلائی کمپنیاں جیسے سپیس ایکس بھی خلا میں سیاحوں کو لے جانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔  اس سال کے شروع میں سپیس ایکس نے خلا میں ایک خالی مسافر کیپسول بھیجا تھا۔ 2020 تک کمپنی سیاحوں کو بھی خلا میں بھیجے گی۔

No comments.

Leave a Reply