مصر: اخوان المسلمون کے سربراہ سمیت مرکزی رہنمائوں کو عمر قید کی سزا

اخوان المسلمون کے سب سے بڑے رہنما (مرشد عام) محمد بدیع

اخوان المسلمون کے سب سے بڑے رہنما (مرشد عام) محمد بدیع

قاہرہ ۔۔۔ نیوز ٹائم

مصر کی ایک عدالت نے اخوان المسلمون کے 11 سینئر اراکین کو فلسطین کی تنظیم حماس کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں عمر قید کی سزا سنا دی۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں عدالتی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا  کہ سزا پانے والوں میں اخوان المسلمون کے سب سے بڑے رہنما (مرشد عام) محمد بدیع اور ان کے نائب خیرت الشاطر بھی شامل ہیں۔ ان دونوں رہنمائوں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی جس کی مدت مصر میں 25 سال ہے۔

رپورٹس کے مطابق اخوان المسلمون کے دیگر 5 اراکین کو بھی 7 سے 10 سال تک قید کی سزا سنائی گئی جبکہ 6 افراد کو رہا کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ان تمام افراد پر غیر ملکی تنظیموں کے تعاون سے جرائم کرنے کا الزام تھا،  جن میں فلسطینی تنظیم حماس اور لبنان سے تعلق رکھنے والی عسکری جماعت حزب اللہ شامل ہے۔ مذکورہ کیس میں ابتدائی طور پر مصر کے سابق صدر محمد مرسی کو بھی ملوث کیا گیا تھا جو عدالتی پیشی کے موقع پر طبیعت خراب ہونے کی بنا پر وفات پا گئے تھے۔  یاد رہے کہ اخوان المسلمون سے تعلق رکھنے والے مصر کے واحد صدر محمد مرسی نے 30 جون 2012 ء کو اقتدار سنبھالا تھا لیکن ایک سال بعد ہی 3 جولائی 2013 ء کو مصری فوج نے ان کا تختہ الٹ دیا تھا۔

No comments.

Leave a Reply