اسرائیلی انتخابات پر مغربی کنارا اور غزہ مکمل سیل

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو مغربی کنارے میں نئی یہودی بستی کا نقشہ دکھا رہے ہیں قابض فوج نے ناکابندی کر رکھی ہے

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو مغربی کنارے میں نئی یہودی بستی کا نقشہ دکھا رہے ہیں قابض فوج نے ناکابندی کر رکھی ہے

مقبوضہ بیت المقدس ۔۔۔ نیوز ٹائم

قابض صہیونی ریاست نے اپنے عام انتخابات کے موقع پر مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کو مکمل طور پر سیل کر دیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق آج منگل کے روز اسرائیلی انتخابات میں ووٹنگ کے عمل سے ایک روز قبل صہیونی فوج نے اعلان کیا  کہ منگل کے روز دونوں علاقوں کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔  اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے اور سیاسی صورت حال کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مغربی کنارے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا، جبکہ غزہ کی گزرگاہیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔

اس بندش کا اطلاق گزشتہ نصف شب کو ہوا، جو آج نصف شب کے بعد اٹھا لیا جائے گا۔ اسرائیل اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں ووٹ ڈالنے کا عمل صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہے گا۔ اس بندش کے باعث مغربی کنارے کے لاکھوں فلسطینی اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ جائیں گے، جبکہ غزہ کو اشیائے ضرورت کی کسی بھی قسم کی ترسیل روک جائے گی۔ اس دوران فلسطینی بچے اسکول جا سکیں گے نہ نوجوان اپنے تعلیمی اداروں کا رخ کر سکیں گے، جبکہ ملازمت اور مزدوری پیشہ افراد بھی گھروں سے نہیں نکل سکیں گے۔  فلسطینی علاقوں میں کرفیو کی اس کیفیت کو قائم رکھنے کے لیے قابض فوج نے اضافی نفری تعینات کی ہے، جبکہ جگہ جگہ ناکابندی کر کے چیک پوسٹیں قائم کی ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل میں آج ہونے والے عام انتخابات میں 5 بار وزیر اعظم رہنے والے بنیامین نیتن یاہو اور سابق آرمی چیف Benny Gantz مدمقابل ہوں گے۔ رواں سال اسرائیل میں یہ دوسری بار انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل 9 اپریل کو ہونے والے انتخابات میں نیتن یاہو کی قدامت پسند لیکوڈ پارٹی اور Benny Gantz کی بلیو اینڈ وائٹ پارٹی 35، 35 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی تھیں۔  انتخابات کے بعد نیتن یاہو اتحادی جماعتوں کے ساتھ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئے تھے، لیکن وہ اپنے سابق وزیر دفاع Avigdor Lieberman کی حمایت کے حصول میں ناکام رہے تھے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ Avigdor Lieberman گزشتہ انتخابات کی نسبت اس بار سیکولر رائے دہندگان کی حمایت حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہو جائیں گے۔

No comments.

Leave a Reply