آزادی مارچ میں 15 لاکھ لوگ جمع کریں گے، فضل الرحمن کا دعوی

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے آزادی مارچ کے موقع پر اسلام آباد میں 15 لاکھ افراد لانے کا اعلان کر دیا۔ اسلام آباد میں جے یو آئی (ف) ورکرز کنونشن سے خطاب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ یہ حکومت نااہل اور ناجائز ہے، ملک کی معیشت تباہ ہو گئی۔ انہوں نے کہاکہ ملازمین کو تنخواہ دینے کے پیسے نہیں ہیں، روزگار دینا تو درکنار لاکھوں نوجوانوں کو بے روزگار کر دیا گیا۔  جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے مزید کہا کہ تاجر طبقہ ٹیکسوں کی بھرمار اور رکاوٹوں کی وجہ سے پریشان ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ہمارا وزیر اعظم کہتا تھا کہ مودی جیتے گا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہو گا، اب ہمیں پاکستان کی بقا کی بھی جنگ لڑنی ہے، حالات ایسے ہو گئے ہیں اب کوئی جماعت پیچھے نہیں رہ سکتی۔ مولانا فضل الرحمن نے یہ بھی کہاکہ حکومت نے کشمیر کا سودا کر دیا ہے، اب گلگت بلتستان کی باری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے پورے ملک میں 15 مرتبہ ملین مارچ کیے ہیں، ہم 8,7 ماہ میں پاکستان کے ڈیڑھ کروڑ عوام سے مخاطب ہوئے۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک میں کوئی ایسا طبقہ نہیں جو مشکل کا شکار نہ ہو، اب ہم نے پاکستان کی بقا کی بھی جنگ لڑنی ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اسلام آباد میں ہمارے ساتھ آنا چاہتی ہیں، کچھ آگے پیچھے جاتی ہیں مگر آخر میں سب ہمارے ساتھ آئیں گی۔

No comments.

Leave a Reply