امریکا نے ایران کے مرکزی بینک پر پابندی عائد کر دی

ایران کے مرکزی بینک پر پابندی

ایران کے مرکزی بینک پر پابندی

واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکا نے سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر حملوں کا ذمہ داری براہ راست ایران پر عائد کرتے ہوئے ایران کے مرکزی بینک، نیشنل ڈیولپمنٹ فنڈ اور مالیاتی کمپنی اعتماد تجارت پارس پر پابندی لگانے کا اعلان کر دیا۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے عالمی معشیت کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش کے بعد سعودی عرب پر حملہ کیا، جارحیت کا یہ قدم ان کی خطرناک منصوبہ بندی اور اس پر عمل ہے۔

سعودی عرب کے تیل کی تنصیبات پر حملوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا ہے کہ الزام سے توجہ ہٹانے کی کوشش کے باوجود ثبوت صرف اور صرف ایران کی نشان دہی کرتے ہیں۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ نے دنیا کی سب سے بڑی ریاستی دہشت گردی پر عائد تاریخی پابندیوں پر مزید اضافہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور ہم ان ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔ پابندیوں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ امریکا نے ایران کے مرکزی بینک، نیشنل ڈیولپمنٹ فنڈ اور ایرنی کمپنی اعتماد تجارت پارس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جو ملیٹری کی خریداری کے لیے مالی امداد میں ملوث پائی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ادارے ایرانی حکومت کی دہشت گردی اور دہشت گرد قرار دی گئی فوج پاسداران انقلاب کے ذریعے خطے میں جارحیت پھیلانے اور ایرانی حکومت کی بڑی پراکسی فورس قدس اور حزب اللہ کی مدد کرتے تھے۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ دوسرے ممالک پر حملہ کرنے اور عالمی معیشت کو متاثر کرنے کی قیمت ہوتی ہے  اور ایران کی حکومت کو سفارتی تنہائی اور معاشی دبائو کے تحت سزا دی جائے گی۔ ایران پر پابندیوں کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ ایران جب تک مشرق وسطیٰ اور پوری دنیا کو عدم استحکام کرنے کی پالیسی کو تبدیل نہیں کرتا اس وقت تک زیادہ سے زیادہ دبائو کی ہماری مہم جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 ء میں ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تجارتی اور معاشی پابندیاں عائد کر دی تھیں  جبکہ معاہدے کے دیگر عالمی فریقین برطانیہ، جرمنی، فرانس، روس اور چین نے ایران سے معاہدہ جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں گزشتہ ہفتے اس وقت مزید اضافہ ہوا جب سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملے کیے گئے تھے  جس کے بعد تیل برآمد کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی آرامکو نے اپنی پیداوار روک دی تھی۔ سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کے بعد امریکا اور سعودی عرب دونوں نے ایران کا اس کا براہ راست ذمہ دار قرار دیا تھا  تاہم ایران نے ان بیانات کو جنگ کے لیے ایک بہانہ قرار دیا تھا اور واضح کیا تھا کہ ایران جنگ کے لیے تیار ہے اس لیے کسی قسم کی جارحیت سے گریز کیا جائے۔

No comments.

Leave a Reply