دنیا کی سب سے پرانی ٹور آپریٹر کمپنی دیوالیہ ہو گئی

برطانیہ کی سب سے بڑی ٹریول فرم تھامس کک

برطانیہ کی سب سے بڑی ٹریول فرم تھامس کک

لندن ۔۔۔ نیوز ٹائم

دنیا کی سب سے پرانی اور برطانیہ کی سب سے بڑی ٹریول فرم “Thomas Cook” نے آج پیر کی صبح کمپنی کے دیوالیہ ہو جانے کا اعلان کر دیا۔  کمپنی نے برطانیہ میں عدالت عظمی سے “جبریہ تحیل” کی درخواست کی ہے۔ تھامس کک گروپ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ انتہائی کوششوں کے باوجود شیئر ہولڈرز اور فنڈنگ کرنے والوں کے درمیان بات چیت کا نتیجہ کسی معاہدے کی صورت میں سامنے نہیں آ سکا۔ برطانیہ میں شہری ہوابازی کے حکام نے اپنی ویب سائٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ اپنے دیوالیہ ہونے کا اعلان کرنے والی کمپنی تھامس کک نے کام روک دیا ہے۔

تھامس کک نے اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مستقبل کی تمام پروازیں اور تعطیلات منسوخ کر دی گئی ہیں۔ گذشتہ کئی ماہ سے بگڑتی صورت حال کا شکار تھامس کک کے حصص کو جمعے کے روز لندن اسٹاک ایکسچینج میں مزید مندی کا سامنا کرنا پڑا۔  کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں 20% کی کمی واقع ہوئی۔ برطانوی حکومت اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لیے لیز پر طیارے حاصل کرنے پر مجبور ہو سکتی ہے۔  کمپنی کے دیوالیہ ہونے کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں 6 لاکھ سیاحوں کے پروگرام کو ازسرنو منظم کرنا ہو گا۔  ان میں 1.5 لاکھ برطانوی سیاح بھی ہیں۔  اسی طرح مذکورہ اعلان نے دنیا بھر میں کمپنی کے 22 ہزار ملازمین کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے جن میں 9 ہزار برطانوی ہیں۔

تھامس کک کمپنی 1841ء میں برطانیہ میں قائم کی گئی تھی۔  اس زمانے میں وہ ملک میں ایک دن ٹرین کے سفر کا انتظام کرتی تھی۔ کمپنی کو مختلف وجوہات کی بنا پر گذشتہ چند برسوں میں شدید اقتصادی مشکلات کا سامنا رہا۔رواں سال مئی میں کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ اس کے خالص قرضوں کا حجم بڑھ کر 1.25 ارب پائونڈز تک پہنچ گیا ہے۔تھامس کک کمپنی کا دیوالیہ ہونا یورپ کے سیاحتی سیکٹر کے لیے ایک کاری ضرب ہے۔

No comments.

Leave a Reply