آزاد کشمیر میں ہلاکتیں 37 ہو گئیں، 450 گھر تباہ، 500 سے زائد افراد زخمی

آزاد کشمیر میں ہلاکتیں 37 ہو گئیں، 450 گھر تباہ، 500 سے زائد افراد زخمی

آزاد کشمیر میں ہلاکتیں 37 ہو گئیں، 450 گھر تباہ، 500 سے زائد افراد زخمی

مظفرآباد، راولپنڈی، لاہور ۔۔۔ نیوز ٹائم

آزاد کشمیر میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 37 ہو گئی ہے جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ 450 گھر تباہ اور 14 کلومیٹر سڑک بھی متاثر ہوئی ہے۔  سڑکیں تباہ ہونے کے باعث کئی علاقوں سے زخمیوں کو ہسپتالوں تک پہنچانے میں دشواری کا سامنا ہے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق میرپور میں بدھ کی صبح ساڑھے 9 بجے 3.2 شدت کے آفٹر شاکس محسوس کیے گئے جس سے لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے  اورپوری رات باہر جاگ کر گزاری جبکہ خواتین اور بچوں نے مقامی پارکوں میں پناہ لی۔ ضلعی انتظامیہ میرپورکے مطابق جاتلاں کا روڈ انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ جبکہ منگلا جانے والی مرکزی شاہراہ اور متعدد پل زمین بوس ہو گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو مصائب کا سامنا ہے۔ لوگوں کے گھر اور کاروبار تباہ ہو گئے جبکہ اب تک بجلی بحال نہ کی جا سکی۔ کھمبے اور ٹرانسفارمر زمین پر گرے ہوئے ہیں جبکہ پینے کے پانی کی بھی شدید قلت ہو گئی۔زیرزمین پانی بھی گدلا اور ناقابل استعمال ہو گیا ہے، بجلی کی عدم دستیابی کے باعث کچھ علاقوں میں لگائے گئے واٹر پلانٹس بھی نہیں چل سکے۔

پاک فوج کے دستے اور پنجاب حکومت کی ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔  ریسکیو 1122 کی 5 امدادی گاڑیاں اور جان بچانے والا دیگر سامان بھی ہمراہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر میرپور راجا قیصر کے مطابق ملبے سے تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امددی کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جن کے گھر تباہ ہو گئے ہیں انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں، معمولی زخمیوں کو علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ شدید زخمی علاج کے لیے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہیں تاہم ان کی تعداد کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

راجا قیصر کا کہنا تھا کہ پاک فوج، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور دیگر ریسکیو اداروں نے اپنا کام شروع کر دیا ہے اور نقصانات کے حوالے سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آزاد کشمیر میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا  اور امدادی سرگرمیوں کی رفتار اور جاتلاں نہر کینال روڈ کی مرمت کے کام کا جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل باجوہ نے فوجی حکام کو سول انتظامیہ سے بھرپور تعاون کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحالی کی تیز رفتار سرگرمیوں کے ذریعے جلد حالات معمول پر لائے جائیں گے۔ آرمی چیف نے متاثرین زلزلہ کی بہترین نگہداشت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ متاثرہ آبادی کا ہر ممکن خیال رکھا جائے۔

ادھر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار بھی زلزلہ زدگان کی دادرسی کے لیے میرپور پہنچ گئے۔ عثمان بزدار نے میرپور میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر سے ملاقات کی اور زلزلے کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے حکومت پنجاب کے تمام تر وسائل حاضر ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو امدادی سرگرمیوں میں بھر پور تعاون کی پیشکش کی  اور کہا کہ زلزلے میں تباہ ہونے والے پلوں کو جلد تعمیر کیا جائے گا۔اپر جہلم کینال کی بحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیر اعلی زخمیوں کی عیادت کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال میرپور بھی گئے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ جو لوگ زیادہ زخمی ہیں انہیں بہتر علاج کے لیے پنجاب کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا جائے جہاں کشمیری بھائیوں کا مفت علاج کیا جائے گا اور ان کی بھرپور دیکھ بھال کریں گے۔

No comments.

Leave a Reply