برطانوی شاہی جوڑے تاریخی دورہ پاکستان مکمل کر کے وطن واپس روانہ

برطانوی شاہی جوڑے تاریخی دورہ پاکستان مکمل کر کے وطن واپس روانہ

برطانوی شاہی جوڑے تاریخی دورہ پاکستان مکمل کر کے وطن واپس روانہ

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

پاکستان کے دورے پر آئے برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن اپنا 5 روزہ تاریخی دورہ مکمل کرنے کے بعد آج (جمعہ) وطن واپس روانہ ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق شاہی جوڑے کو نور خان ایئر بیس پر برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور دیگر حکام نے الودع کہا۔ اس سے قبل برطانوی شاہی جوڑے کو اسلام آباد ایئر پورٹ لے کر آنے والے طیارے نے باحفاظت نور خان ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی تھی جبکہ دو گھنٹے قبل بھی طیارے نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی تھی لیکن خراب موسم کے باعث اس کا رخ دوبارہ لاہور ایئر پورٹ کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ اپنے دورے کے چوتھے دن برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے رات لاہور کے ہوٹل میں گزاری تھی۔

واضح رہے کہ پاکستانیوں میں مقبول شہزادی ڈیانا کے بیٹے اور بہو 5 روزہ دورے پر 14 اکتوبر کی رات ساڑھے 9 بجے اسلام آباد پہنچے تھے، ان کا یہ دورہ 14 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک کا تھا۔ برطانوی شاہی جوڑے کا خصوصی طیارہ نور خان ایئر بیس پہنچا تھا، جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، برطانوی ہائی کمشنر تھومس ڈریو اور دیگر حکام نے ان کا ریڈ کارپیٹ استقبال کیا تھا جبکہ بچوں نے شاہی مہمانوں کو گلدستے پیش کیے تھے۔ دورے کے دوسرے دن کا آغاز برطانوی شہزادے اور ان کی اہلیہ نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول یونیورسٹی کالونی اسلام آباد کا دورہ کر کے کیا تھا اور ٹیچ فار پاکستان مہم کے اثرات کا جائزہ لیا تھا۔

بعد ازاں انہوں نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جس میں شاہی جوڑے کے ہمراہ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور دیگر سفارتی عہدیدار بھی شریک ہوئے تھے۔ جس کے بعد جوڑا وزیر اعظم ہائوس پہنچا تھا جہاں وزیر اعظم عمران خان نے خود ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا،  وزیر اعظم ہائوس آمد کے موقع پر انہوں نے وزیر اعظم کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی تھی۔ بعد ازاں اسلام آباد میں یادگار پاکستان میں تقریب میں برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن روایتی مشرقی لباس زیب تن کیے ٹرک آرٹ سے سجے رکشے میں سوار ہو کر پہنچے تھے۔ گزشتہ روز برطانوی شہزادے ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن نے پاکستان کے دورے کے تیسرے دن کے آغاز پر صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر چترال کا دورہ کیا تھا۔ چترال کے دورے کے موقع پر شاہی جوڑے کو روایتی ٹوپی پہنائی گئی، ساتھ ہی شہزادے ولیم کو روایتی چغہ اور شہزادی کیٹ کو شال کا تحفہ بھی دیا گیا تھا۔

بعد ازاں پاکستان کے دورے پر آئے برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے چوتھے روز صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور پہنچ کر بادشاہی مسجد اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا تھا۔ برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے ایس او ایس چلڈرن ویج کا دورہ بھی کیا تھا جہاں انہوں نے اسٹوری ٹیلنگ سیشن میں حصہ لیا اور بچوں سمیت اسٹاف سے بات چیت کی تھی۔خیال رہے کہ یہ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کا پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا تاہم شاہی خاندان کے دیگر افراد ماضی میں اسلام آباد کا دورہ کر چکے ہیں۔ شہزادہ ولیم کی والدہ پرنسز آف ویلز شہزادی ڈیانا نے بھی ماضی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

علاوہ ازیں برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم نے 1961ء اور 1997ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، ان کے علاوہ پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارن وال 2006 ء میں پاکستان آئے تھے۔ ملکہ برطانیہ نے 1961ء میں کراچی کے ایوان صدرِ میں تقریب میں شرکت کی تھی جبکہ 1997ء میں انہوں نے راولپنڈی کا دورہ بھی کیا تھا  اور انہوں نے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم سے بھی ملاقات کی تھی۔ برطانیہ کے شاہی محل کے مطابق شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کا پاکستانی دورہ ایک ہزار کلومیٹر پر مشتمل ہے اور اس دورے کے دوران جوڑا پاکستان کے مختلف علاقوں میں ثقافتی و فلاحی پروگرامز میں شرکت کر رہا ہے۔

No comments.

Leave a Reply