احتجاجی تحریک کا دبائو، لبنانی وزیر اعظم سعد حریری مستعفی

لبنانی وزیر اعظم سعد حریری

لبنانی وزیر اعظم سعد حریری

بیروت ۔۔۔ نیوز ٹائم

حکومت مخالف مظاہروں میں شدت کے بعد لبنانی وزیر اعظم سعد حریری نے استعفی دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ بند گلی میں پہنچ گیا ہوں، اپنا استعفی صدر کو پیش کر رہا ہوں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق لبنانی وزیر اعظم سعد حریری نے منگل کو ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بند گلی میں پہنچ گئے ہیں اور وہ اپنا استعفی لبنانی صدر مشیل عون کو جمع کرا دیں گے۔ لبنان میں گزشتہ 2 ہفتوں سے زائد عرصے سے مظاہرین کرپشن اور ملکی رہنمائوں کے خلاف شدئد مظاہرے کر رہے ہیں،  پیر کو مظاہرے اس وقت پرتشدد ہوئے جب حزب اللہ اور امل موومنٹ کے حامی ہجوم نے بیروت میں قائم ایک احتجاجی کیمپ پر حملہ کر کے اسے تباہ کر دیا۔

عرب نیوز کے مطابق سعد حریری نے ٹی وی پر اپنے خطاب میں کہا کہ لبنانی عوام 13 دن سے کسی ایسے سیاسی حل کی تلاش میں تھے جس سے معاشی بگاڑ کو روکا جا سکے،  اس عرصے کے دوران میں نے ایسا رستہ تلاش کرنے کی کوشش کی جس کے ذریعے لوگوں کی آواز سنی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم بحران کا سامنا کرنے کیلئے ایک بڑا جھٹکا کھائیں، میں استعفی پیش کرنے کیلئے صدارتی محل جا رہا ہوں،  میں سیاسی زندگی کے تمام ساتھیوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ کیسے ہم لبنان کی حفاظت کرتے ہیں اور اس کی معیشت کو بحال کرتے ہیں۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ لبنان کے سیاسی نظام میں اصلاحات لائی جائیں اور اس کیلئے لازمی ہے کہ حکمران مستعفی ہوں۔ لبنانی صدر مشیل عون نے اپنے ایک خطاب میں کہا تھا کہ وہ اس طرح اپنا منصب نہیں چھوڑیں گے، راتوں رات حکومت تبدیل نہیں ہو سکتی، اس کیلئے آئینی اصلاحات ضروری ہیں۔

No comments.

Leave a Reply