فن لینڈ کے وزیر اعظم پوسٹل ملازمین کے شدید احتجاج پر مستعفی

فن لینڈ کے وزیر اعظم اینتی رینے

فن لینڈ کے وزیر اعظم اینتی رینے

ہیلسنکی ۔۔۔ نیوز ٹائم

فن لینڈ کے وزیر اعظم Antti Rinne نے محکمہ پوسٹ کے ملازمین کے شدید احتجاج اور اصلاحات کے حوالے سے جھوٹ بولنے کے الزام کے بعد استعفی دے دیا۔ خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پوسٹل ملازمین کے احتجاج کے باعث فن لینڈ کی حکمران جماعت میں شامل 5 جماعتی اتحاد کو دراڑ پڑنے کا خدشہ تھا جس کے تحت وزیر اعظم نے استعفی دے دیا۔ حکمران جماعت سینٹر پارٹی اب فیصلہ کرے گی کہ آیا وہ 5 جماعتی حکمران اتحاد کو ختم کر کے نئے انتخابات کی طرف جائیں گے یا پھر نیا وزیر اعظم نامزد کر دیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق فن لینڈ کی حکمران جماعت محکمہ پوسٹ کے سربراہ کی جانب سے وزیر اعظم پر جھوٹ بولنے کے الزام پر غصے میں ہے جس کے باعث گزشتہ چند ماہ سے جاری احتجاج کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ Antti Rinne کو رواں برس جون میں وزیر اعظم بنایا گیا تھا اور انہوں نے بائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد کی سربراہی کی اور احتجاج کے بعد اپنا استعفیٰ صدر Sauli Niinisto کو پیش کر دیا۔ اتحادی جماعتوں کو نئی حکومت کی تشکیل کے نئے وزیر اعظم کا بھی اعلان کرنا ہو گا جس کے لیے مضبوط امیدوار حکمران جماعت کی سینیئر رہنما Sanna Marin ہیں جو اس وقت وزیر ٹرانسپورٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں اور انہوں نے حکومت سنبھالنے کی خواہش بھی ظاہر کر لی ہے۔

خیال رہے کہ Antti Rinne کے خلاف ستمبر میں سرکاری محکمہ فن لینڈ پوسٹ کے 700 ملازمین نے احتجاج شروع کیا تھا جو وقت کے ساتھ ساتھ گمبھیر صورت اختیار کر گیا اور مزید صنعتوں کے ملازمین نے بھی ان کا ساتھ دیا۔ فن لینڈ پوسٹ ملازمین نے کم تنخواہوں اور سہولیات میں کمی کے باعث احتجاج شروع کیا تھا جو ابتدائی طور پر متعلقہ محکمے کے وزیر Sirpa Paatero کے خلاف تھا تاہم جب دیگر شعبوں کے ملازمین بھی اس احتجاج میں شامل ہوئے تھے بحران شدت اختیار کر گیا۔ مزدور یونینز کی جانب سے اصلاحات کی منظوری کا مطالبہ کیا گیا جبکہ وزیر کی جانب سے متضاد بیانات سامنے آتے رہے  جبکہ وزیر اعظم رینے نے 28 نومبر کو معاملے میں مداخلت کی جو ان کے لیے ناقص ثابت ہو گیا۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں فن لینڈ پوسٹ کے حوالے سے کسی قسم کی اصلاحات کے امکان کو مسترد کر دیا تھا  لیکن اسی روز پوسٹ کے چیئرمین نے وزیر اعظم پر جھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا۔ بعد ازاں وزیر اعظم نے وزیر Sirpa Paatero کے استعفے کا اعلان کیا لیکن مظاہرین نے اس کو ناکافی قرار دیا جس کے بعد انہیں خود استعفے پر مجبور ہونا پڑا۔

No comments.

Leave a Reply