مریم نواز کی ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست سماعت کے لیے9 دسمبر مقرر

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز

لاہور ۔۔۔ نیوز ٹائم

لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی ای سی ایل سے نام نکلوانے اور عبوری ضمانت میں توسیع سے متعلق درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔  9 دسمبر کو جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔  انہوں نے یہ درخواست اپنے وکیل امجد پرویز ملک کے توسط سے دائر کی۔  مریم نواز نے اپنی درخواست میں وفاق، ایف آئی اے، امیگریشن اینڈ پاسپورٹ، چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب کو فریق بنایا ہے۔  مریم نواز نے موقف اپنایا کہ والد کی صحت تشویشناک ہے ان کے ساتھ ہونا بہت ضروری ہے انتہائی نگہداشت کے وقت والد کے ساتھ نہ ہونے کے باعث سخت ذہنی دبائو میں ہوں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ای سی ایل میں نام ڈالنے کے وفاقی حکومت کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔  علاوہ ازیں انہوں نے یہ بھی استدعا کی کہ انہیں ایک مرتبہ پھر 6 ہفتے کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے یہ بھی درخواست کی کہ ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع پاسپورٹ بھی انہیں واپس دلوایا جائے۔  دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی اپیل 18 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی۔

No comments.

Leave a Reply