جاپانی ڈاکٹر تیتسو ناکامورا کا جسد خاکی فکواوکا پہنچ گیا

جنوبی جاپان میں مقیم شہریوں سمیت درجنوں افراد موجود تھےاور انہوں نے ڈاکٹر ناکامورا کی تصاویر، جاپان اور افغانستان کے قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے

جنوبی جاپان میں مقیم شہریوں سمیت درجنوں افراد موجود تھےاور انہوں نے ڈاکٹر ناکامورا کی تصاویر، جاپان اور افغانستان کے قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے

چیبا، کابل ۔۔۔ نیوز ٹائم

افغانستان میں گولی مار کر ہلاک کیے گئے امدادی کارکن ڈاکٹر تیتسو ناکامورا کا جسد خاکی ایک طیارے کے ذریعے پیر کی صبح کیوشو میں واقع ان کے آبائی شہر فکواوکا پہنچا دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ناکامورا کا سفید کپڑے میں لپٹا تابوت جب جہاز سے اتارا گیا تو ہوائی اڈے پر جنوبی جاپان میں مقیم افغان شہریوں سمیت درجنوں افراد موجود تھے۔ انہوں نے ڈاکٹر ناکامورا کی تصاویر، جاپان اور افغانستان کے قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ایک افغان شہری نے کہا کہ وہ اپنے دکھ کی شدت کا اظہار الفاظ میں نہیں کر سکتے کیونکہ ڈاکٹر ناکامورا کی خدمات کے باعث افغان بچوں سمیت کئی افغان شہریوں کی جانیں بچائی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں ڈاکٹر ناکامورا افغانیوں کو اپنے وطن کے لیے کام کرتا دیکھ کر آسمانوں سے ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ جاپان کی پولیس جاپان سے باہر سرزد ہونے والے جرائم پر لاگو ہونے والی جاپان کے ضابطہ فوجداری کی تعزیرات کے تحت ان کی موت کی تفتیش کرے گی۔ ان کی آخری رسومات بدھ کے روز فکواوکا میں ادا کی جائیں گی۔

دوسری جانب افغانستان کی وزارت داخلہ کے مطابق، امدادی کارکن جاپانی ڈاکٹر تیتسو ناکامورا کو گولی مار کر قتل کرنے کے شبہ میں دو افراد سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ وزارت نے این ایچ کے کو بتایا ہے کہ دونوں افراد کو اس واقعے کے بارے میں کچھ معلومات ہو سکتی ہیں۔ ڈاکٹر ناکامورا اور ان کے عملے کو بدھ کے روز مشرقی صوبے ننگرہار کے جلال آباد میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔  وہ اپنے عملے کے ہمراہ دو گاڑیوں میں سفر کر رہے تھے۔  حملے میں پانچ دیگر افراد بھی مارے گئے۔ ڈاکٹر ناکامورا جاپان کی غیر سرکاری تنظیم پشاور کائی کے مقامی نمائندے تھے۔ تفتیش کاروں کو معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر ناکامورا کی تاک میں بیٹھے مسلح گروپ نے ان کی گاڑی کا راستہ روکا اور فائرنگ کر دی۔ سکیورٹی کیمروں کی فوٹیج میں مشتبہ مسلح افراد کو دو سفید گاڑیوں میں سوار ہو کر فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر ناکامورا عشروں سے افغانستان میں آبپاشی کے نظام کی تعمیر اور دیگر شعبوں میں کام کرتے ہوئے عام لوگوں کے حالات زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں تھے۔ افغانستان کے حکام اور مقامی شہریوں نے ان کی خدمات کو سراہا ہے۔

No comments.

Leave a Reply