ٹرمپ کے مواخذے کیلئے عائد الزامات ہائوس کمیٹی سے منظور

ایوان نمائندگان کی کمیٹی کے چیئرمین جیری نیڈلر اور  ڈونگ کولنز

ایوان نمائندگان کی کمیٹی کے چیئرمین جیری نیڈلر اور ڈونگ کولنز

واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی نے ٹرمپ کے مواخذے کے لیے ڈیموکریٹس کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کی منظوری دے دی جس کے بعد مواخذے کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کے لیے پیش کیے الزامات کی منظوری کے دوران ہائوس جوڈیشری کمیٹی میں واضح تقسیم نظر آئی  جہاں الزامات کی منظوری کے لیے 17 کے مقابلے میں 23 ووٹ حاصل ہوئے۔ ایوان نمائندگان نے ڈیموکریٹس کی جانب سے عائد یوکرین کی حکومت پر دبائو اور تحقیقات میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے دونوں الزامات کی منظوری دے دی ہے۔ ٹرمپ کے مواخذے کے لیے پیش کیے گئے الزامات کی منظوری کے لیے اگلے ہفتے پورے ایوان پر مشتمل ووٹنگ ہو گی جہاں منظوری کی صورت میں ری پبلکنز پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے تیسرے صدر ہوں گے جن کے خلاف مواخذے کی کارروائی ہو گی۔ رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کو صدارت سے ہٹانے کے امکانات صفر ہیں کیونکہ سینیٹ میں حکمران جماعت ری پبلکن کی اکثریت ہے جہاں حتمی فیصلہ ہو گا۔ ایوان نمائندگان کی کمیٹی کے چیئرمین  Jerry Nadlerکا کہنا تھا کہ آج درناک دن ہے کیونکہ تیسری مرتبہ ہائوس جوڈیشری کمیٹی کے سامنے صدر کے مواخذے کے لیے ووٹنگ ہو چکی ہے۔

اس موقع پر ری پبلکنز نے ٹرمپ کا دفاع کرتے ہوئے ڈیموکریٹس پر تنقید کی اور کہا کہ یہ معاملات سیاسی طور پر اٹھائے گئے ہیں جس کا مقصد ہے کہ 2016 ء کے صدارتی انتخاب کو بدلنا چاہتے ہیں۔ ری پبلکن کے رکن اور سینیٹ جوڈیشری کمیٹی کے چیئرمین Lindsey Graham کا کہنا تھا کہ امریکی ایوان نمائندگان میں ایک مضحکہ خیز لمحہ ہے اور اس کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے۔ ٹرمپ کے مواخذے کی منظوری کی صورت میں ان کے خلاف کارروائی کا آغاز نئے سال کے اوائل میں ہو گا جبکہ اسی دوران 2020 ء کے صدارتی انتخاب کے لیے مہم میں بھی تیزی آئے گی۔ ڈیموکریٹس کے امیدوار جو بائیڈن نومبر میں ہونے والے انتخاب میں ٹرمپ کے مخالف ہوں گے جن پر ٹرمپ نے کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے تفتیش کا مطالبہ کیا تھا لیکن انہوں نے الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان میں اپوزیشن کی جماعت ڈیموکریٹ کے رہنمائوں نے دو روز قبل ہی ایوان نمائندگان میں باقاعدہ طور پر الزامات کا اعلان کر دیا۔ ڈیموکریٹس نے ٹرمپ پر جو دو الزامات عائد کیے تھے، ان پر پہلا الزام تھا کہ انہوں نے سیاسی مخالف کی تفتیش کے لیے یوکرین پر دبائو ڈالنے کی کوشش کر کے اختیارات کا غلط استعمال کیا جو ملک سے دھوکا دہی ہے۔ ڈیموکریٹس نے دوسرا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسکینڈل کے حوالے سے ہونے والی کانگریس کی تفتیش میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔

یاد رہے کہ 25 ستمبر 2019 ء کو ڈیموکریٹس کی رکن اور ایوان نمائندگان کی اسپیکر Nancy Pelosi نے اعلان کیا تھا  کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر عہدے اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات کے تحت مواخذے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ڈیموکریٹک حریف اور نائب صدر جو بائیڈن کو نقصان پہنچانے کے لیے غیر ملکی قوتوں سے مدد طلب کر کے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی۔ امریکی تاریخ میں آج تک صرف دو امریکی صدور کا مواخذہ ہوا ہے، جن میں 1998ء میں بل کلنٹن جبکہ 1868ء میں اینڈریو جانسن کو مواخذے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

No comments.

Leave a Reply