طوفان کیرا نے برطانیہ میں تباہی مچا دی، پروازیں منسوخ، ٹرینیں تعطل کا شکار

مسلسل بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، متعدد دریائوں میں طغیانی آ چکی ہے

مسلسل بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، متعدد دریائوں میں طغیانی آ چکی ہے

لندن ۔۔۔ نیوز ٹائم

صدی کا طاقتور ترین طوفان کیرا برطانیہ سے ٹکرا گیا، سمندر کی بپھری لہروں، تیز ہوائوں اور موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی،  سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں، دریائوں میں طغیانی آنے سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، ملک بھر میں سیلاب کی 250 سے زائد وارننگرز جاری کر دی گئیں۔ طاقتور طوفان کیرا برطانیہ کے ساحلی علاقے یارکشائر سے ٹکرا گیا جس کے بعد ملک بھر کو موسلادھار بارشوں نے لپیٹ میں لے لیا۔ ایک جانب سمندر کی بپھری لہریں تباہی مچا  رہی ہیں تو دوسری جانب تیز ہوائوں کے ساتھ ہونے والی بارش نے ہر شے کو تہس نہس کر ڈالا،  درجنوں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔ مسلسل بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، متعدد دریائوں میں طغیانی آ چکی ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں سیلاب کی 250 سے زائد وارننگز جاری کی گئی ہیں۔ شمالی آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، شمالی انگلینڈ اور ویلز میں خراب موسم کے باعث جہاں سینکڑوں پروازیں منسوخ کی گئیں، وہیں ٹرین اور فیری سروس بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔کیرا کو صدی کا بدترین طوفان کہا جا رہا ہے جس کی وجہ سے برطانیہ بھر کیلئے موسم کی ییلو وارننگ جاری کی گئی ہے، حکام نے شہریوں کو سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

No comments.

Leave a Reply