کورونا وائرس جنوبی کوریا پہنچ گیا، چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 2236 ہو گئی

جنوبی کوریا میں امدادی اہلکار کورونا وائرس کی نئی قسم کے انکشاف کے بعد وبا کو مزید پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کررہے ہیں

جنوبی کوریا میں امدادی اہلکار کورونا وائرس کی نئی قسم کے انکشاف کے بعد وبا کو مزید پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کررہے ہیں

سیئول، بیجنگ ۔۔۔ نیوز ٹائم

چین میں 2 ہزار سے اموات کا باعث بننے والے خطرناک کورونا وائرس کی نئی قسم جنوبی کوریا تک پہنچ گئی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق جنوبی کوریا میں درجنوں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد حکام اور ماہرین سخت پریشان ہیں۔ اس حوالے سے 25 لاکھ نفوس پر مشتمل شہر ڈیگو (Daegu) کے میئر نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق شہر اور قرب و جوار کے دیہاتوں میں ایک دن میں 40 نئے کیس سامنے آ چکے ہیں۔ ادھر جنوبی کوریا میں بھی 156 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔ یہ چین کے بعد دوسرا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے 39 افراد وہ ہیں جن کا تعلق شنچیانجی چرچ (Shincheonji Church) سے ہے، معلوم ہوا ہے کہ 61 سالہ ایک خاتون نے گزشتہ دو اتواروں کو چرچ کی سروس میں شرکت کی تھی، وائرس ممکنہ طور پر ان ہی خاتون سے پھیلا۔

دوسری جانب ایران میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔ بی بی سی کے مطابق وائرس سے متاثرہ مریضوں کو ایران کے شہر قم (Qom) کے ایک اسپتال میں علیحدہ رکھا گیا ہے جبکہ وبا کے مزید پھیلنے کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے اور جامعات بھی بند کر دی گئی ہیں۔ ایرانی وزارت صحت نے قم (Qom) میں 2 افراد کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ ادھر سعودی مرکز صحت نے اپنے شہریوں کو وائرس کے خطرے کے پیش نظر سنگاپور نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔

چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 2236 ہو گئی

چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 2236 ہو گئی

دوسری جانب چین میں مہلک ترین کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 2236 ہو گئی، چینی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس کے متاثرین کی تعداد میں کمی آ رہی ہے تاہم متاثرہ افراد کی ہلاکتوں کا سلسلہ نہیں روکا جا سکا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کرونا وائرس سے روز 100 سے زائد افراد ہلاک ہو رہے ہیں، چین کے مشرقی علاقے کی جیل میں بھی 207 قیدیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں چین میں 889 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، اور مجموعی کیسز کی تعداد 75000 سے بڑھ گئی ہے۔

جاپان میں 94 کیسز سامنے آ چکے ہیں، جبکہ ٹوکیو کے قریب لنگر انداز بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز پر 600 سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی۔ چین میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی مدد سے کرونا وائرس کے علاج کے لیے 2 ادویہ کی آزمائشی جانچ شروع کر دی گئی ہے، ان ادویہ کے نتائج 3 ہفتوں میں سامنے آئیں گے، ان ادویہ میں ایک تجرباتی اینٹی وائرل دوا remdesivir ہے جسے ابھی تک لائسنس بھی نہیں دیا گیا، یہ دوا کانگو میں ایبولا وائرس کے خلاف آزمائی گئی تھی لیکن زیادہ موثر ثابت نہیں ہوئی تھی لیکن جب یہی دوا کرونا وائرس سے متاثرہ واشنگٹن سے تعلق رکھنے والے پہلے امریکی مریض کو دی گئی تو وہ صحتیاب ہو گیا۔

دوسری دوا 2 ایچ آئی وی ادویہ ritonavir اور lopinavir کا مرکب ہے جس کی آزمایش کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کوئی بھی دوا کارگر ہوئی تو کرونا وائرس سے ہونے والی اموات میں تیزی سے کمی آنے لگے گی۔ فی الوقت وائرس کے شکار افراد میں 5 فیصد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 2.3 فیصد اموات کی شرح ہے۔

No comments.

Leave a Reply