کرونا وائرس کے خطرات کے باوجود اولمپکس گیمز کی میزبانی کرینگے: جاپان

جاپان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے  خطرات کے باوجود اولمپکس گیمز کی میزبانی کرینگے

جاپان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے خطرات کے باوجود اولمپکس گیمز کی میزبانی کرینگے

ٹوکیو ۔۔۔ نیوز ٹائم

جاپانی حکام نے اولمپکس 2020 کو موخر کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی فیصلہ زیر غور نہیں، کھیلوں کی سرگرمیاں اپنی مقررہ تاریخ پر ہوں گی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپانی حکومت کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے  کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلائو کے باوجود ہم اولمپکس  2020 کی میزبانی کیلئے تیار ہیں۔ جاپانی کابینہ کے سیکرٹری یوشیدی سوگا (Yoshihide Suga) نے کہا کہ 24 جولائی سے 9 اگست تک شیڈول اولمپکس کھیلوں کے انعقاد کیلئے اپنی تیاریاں زور وشور سے جاری رکھیں گے۔ اس سلسلے میں ہم انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ساتھ بھی مل کر کام کر رہے ہیں۔ ہم کھیلوں کو موخر کرنے کے بارے میں نہیں سوچ رہے۔

خیال رہے کہ جاپانی حکام کی جانب سے یہ بیان ان خبروں کے بعد سامنے آیا ہے جس میں پوچھا جا رہا تھا کہ دنیا میں کرونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے آیا کھیلوں کے اس بڑے ایونٹ کا انعقاد ممکن ہو پائے گا؟ جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ جی سیون کے رہنما اس بات پر رضامند ہیں کہ وہ اولمپکس کے مکمل انعقاد کی حمایت کریں گے۔ ادھر بہت سی جاپانی کمپنیوں کو بھروسہ ہے کہ ٹوکیو گیمز کا انعقاد مقررہ وقت پر ہی ہو گا۔ تاہم نائب وزیر اعظم تیروآسو (Tarō Asō) نے کہا ہے کہ اگر جاپان بھی کرونا وائرس کی لپیٹ میں آ گیا تو بین الاقوامی کھلاڑی جاپان کا رخ نہیں کریں گے، اس صورتحال میں اولمپکس گیمز کے انعقاد سمجھ سے بالاتر ہے۔

No comments.

Leave a Reply