ترکی نے ادلیب میں امریکی میزائل سسٹم نصب کر دیا

ترکی نے ادلیب میں امریکی ساختہ ایم آئی ایم 23 ہاک ایئر ڈیفنس سسٹم نصب کر دیا ہے

ترکی نے ادلیب میں امریکی ساختہ ایم آئی ایم 23 ہاک ایئر ڈیفنس سسٹم نصب کر دیا ہے

انقرہ، دمشق ۔۔۔ نیوز ٹائم

ترکی نے شام کے شمال مغربی شہر ادلیب میں اپنے فوجیوں کی ہلاکت کے بعد امریکی فضائی دفاعی نظام نصب کر دیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق 27 فروری کو ادلیب میں ہونے والے ایک حملے میں 36 فوجیوں کی ہلاکت کے بعد ترکی نے درمیانی رینج کا حامل امریکی ساختہ ایم آئی ایم 23 ہاک ایئر ڈیفنس سسٹم (anti-aircraft missile system MIM-23 Hawk) نصب کر دیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتوں میں ادلیب میں شدید کشیدگی کے بعد انقرہ حکومت کی جانب سے یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فضائی دفاعی نظام کی تنصیب کے بعد ترک فوج کو اب شامی جنگی جہازوں کو مار گرانے کے لیے اپنے اہلکاروں یا ڈرون پر انحصار کی ضرورت نہیں رہے گی۔

دوسری جانب شام کے شمال مشرقی شہر حسکہ (Hasakah) کے علاقے غویران (Ghuwayran)  کی ایک جیل میں قیدیوں کی ہنگامہ آرائی کے دوران کئی قیدی فرار ہو گئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق حسکہ (Hasakah) کی جیل میں اتوار کے روز بڑے پیمانے پر فسادات برپا ہوئے۔ کرد حکام کے مطابق قیدیوں نے جیل کی نچلی منزل پر کنٹرول حاصل کر لیا اور افراتفری و تشدد کے دوران کئی قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ جیل کی منتظم شامی ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) کے ترجمان نے اپنے ٹوئٹر بیان میں تصدیق کی کہ قیدیوں نے جیل کے ایک حصے کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد اندرونی دروازہ توڑ دیا، جس کے بعد وہ فرار ہو گئے، تاہم فورسز نے ان کی تلاش کے لیے چھاپا مار کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ مصطفی بالی (Mustafa Bali) کا مزید کہنا تھا کہ جیل پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے لیے حکام کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی فورس کو بھی طلب کرنا پڑا۔

No comments.

Leave a Reply