کوروناوائرس سے بالکل آزاد ہیں، شمالی کوریا کا دعویٰ

شمالی کوریا کے سپریم رہنما کم جونگ ان

شمالی کوریا کے سپریم رہنما کم جونگ ان

پیانگ یانگ  ۔۔۔ نیوز ٹائم

شمالی کوریا نے عالمی سطح پر شکوک و شبہات کے باوجود ایک بار پھر اصرار کیا ہے کہ ان کا ملک کوروناوائرس سے بالکل آزاد ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے انسداد وبا مرکزی ہنگامی ہیڈکوارٹرز کے ڈائریکٹر پاک میونگ سو (Pak Myong Su) نے اصرار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو کوروناوائرس سے بچانے کے لیے یہ کوششیں مکمل طور پر کامیاب رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ملک میں ایک شخص بھی اس وائرس کا شکار نہیں ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پیشگی اور سائنسی اقدامات اٹھائے تھے جن میں ملک میں داخل ہونے والے تمام لوگوں کی چھان بین اور انہیں قرنطینہ کرنا، تمام چیزوں کو جراثیم سے پاک کرنا، سرحدیں بند کرنا اور سمندری اور فضائی راستے بند کرنا شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا اپنے کمزور طبی نظام اور عالمی پابندیوں کی وجہ سے کوروناوائرس کے خلاف خصوصی طور پر غیر محفوظ ہے،  عالمی پابندیوں کے باعث ملک میں خوراک کی کمی بھی پائی جاتی ہے۔ اقوام متحدہ کے اندازے کے مطابق شمالی کوریا کے ایک کروڑ 3 لاکھ افراد یعنی تقریبا نصف آبادی ضرورت مند ہے اور 41  فیصد آبادی غذائی قلت کا شکار ہے۔  مارچ میں شمالی کوریا کے سپریم رہنما کم جونگ ان نے جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن (Moon Jae-in) کو ذاتی طور پر لکھا تھا جس سے کئی ماہ کی سفارتی خاموشی ٹوٹی تھی۔

No comments.

Leave a Reply