نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے برطانیہ بھی جانا پڑا تو جائوں گا، وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

وزیر اعظم عمران خان نے دو ٹوک اعلان کیا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے اگر برطانیہ جانا پڑا تو جائوں گا اور اس معاملے برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن سے خود بات کروں گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا  کہ نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانیہ جانا پڑا تو خود جائوں گا۔  اگر ضرورت پڑی تو برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے بھی خود بات کروں گا۔ انہوں نے ملک کے ساتھ جو بھی کیا بدقسمتی سے عدلیہ نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا۔  عمران خان نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ سے سفارش کی تھی کہ وہ 7 ارب روپے کا ضمانتی بانڈ مانگیں۔  عدلیہ نے ہماری بات نہیں مانی اور شہباز شریف کی گارنٹی پر باہر جانے دیا۔  بدقسمتی سے پاکستان میں لوگ اقتدار میں صرف جائیدادیں بنانے آتے ہیں۔  میں سمجھتا ہوں کہ وفاداری اقتدار کیلئے نہیں بلکہ منشور کیلئے ہونی چاہیے۔ اپوزیشن رہنمائوں کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا کہ میں ان سب کو جانتا ہوں یہ کیا سے کیا بن گئے۔  ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ عمران خان پر ایسا دبائو ڈالا جائے کہ یہ ہماری جان چھوڑ دے۔ عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایسا ملک بنائیں جو قرض لینے کے بجائے غریب ممالک کو مدد فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے تمام شہریوں میں ہلیتھ کارڈ تقسیم کیے گئے۔  ہماری کوشش ہے کہ پنجاب کے سفید پوش طبقے کو بھی ہیلتھ کارڈ پہنچائے جائیں۔ حکومت پاکستانی تاریخ میں پہلی بار غریبوں اور تنخواہ دار طبقے کیلئے گھر بنا رہی ہے۔  ایک لاکھ گھر کے منصوبے میں شامل ہر گھر پر حکومت 3 لاکھ روپے سبسڈی دے گی۔  بینکوں کو پابند کریں گے کہ 5 فیصد شرح سود پر شہریوں کو گھروں کیلئے قرض دیں۔ اگر شرح سود میں بہت زیادہ اضافہ بھی ہوا تو ہم 7 فیصد پر قرض دیں گے اور اگر شرح سود کم ہو گئی تو قرض پر بھی کم کر دیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے مزید بتایا کہ بھارت میں گھروں کیلئے قرض 10 فیصد شرح سود پر دیا جاتا ہے۔  ایسے ہی امریکہ اور یورپ میں بھی گھروں کیلئے قرض دیا جاتا ہے۔

No comments.

Leave a Reply