مصر میں فلسطینی مصالحت کے لیے حماس کے وفد کی قاہرہ آمد

حماس کے چیف اسماعیل ہنیہ

حماس کے چیف اسماعیل ہنیہ

قاہرہ ۔۔۔ نیوز ٹائم

فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کا ایک اعلی اختیاراتی وفد مصر کے خصوصی دورے پر قاہرہ پہنچا ہے۔ العربیہ کے ذرائع کے مطابق حماس کے وفد کی آمد کا مقصد مصر کے ساتھ جاری کشیدگی میں کمی اور فلسطینی دھڑوں میں مصالحتی عمل کو آگے بڑھانا ہے۔ مصری ذرائع نے بتایا کہ قاہرہ نے حماس کے وفد سے ملاقاتوں کے دوران تنظیم کی ترکی سے قربت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ قاہرہ نے حماس سے کہا ہے کہ مصر کو سونپے جانے والے کاموں میں ترکی کو مداخلت سے گریز کرنا ہو گا۔ مصری حکام نے حماس کے رہنمائوں پر واضح کیا ہے کہ فلسطین کے معاملے میں مصر کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ قاہرہ حکام کا کہنا ہے کہ وہ حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے ہونے والی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے اقدامات کریں گا۔

دوسری جانب حماس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت نے مصر کو متعدد پیغامات دیے ہیں۔ ان میں اہم امور میں مصری حکومت سے مشاورت کی یقین دہانی اور غزہ کے علاقے میں کرونا سے نمٹنے کے لیے مصری حکومت کی طرف سے امداد کی درخواست کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ 22 اگست کو حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ (Ismail Haniyeh) نے ترکی کے دورے کے دوران ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں ترک انٹلیجنس چیف ھاکان فیدان (Hakan Fidan)  ، صدر کے مواصلات امور کے معاون فخرالدین الطون (Fahrettin Altun)  ، ایوان صدر کے ترجمان ابراہیم قالن (Ibrahim Kalin) موجود تھے۔ اس موقعے پر اسماعیل ھنیہ (Ismail Haniyeh) نے نئے اسلامی سال کے آغاز اور ترکی میں نئے قدرتی وسائل کی دریافت پر ترک صدر کو مبارکباد پیش کی تھی۔

No comments.

Leave a Reply