ہانگ کانگ میں تین ممتاز جمہوریت پسند رہنما زیر حراست

کالعدم سیاسی پارٹی ڈی موسِسٹو کے متحرک ممبران جاشوا وانگ، آئیوان لیم اور اگنیس چا

کالعدم سیاسی پارٹی ڈی موسِسٹو کے متحرک ممبران جاشوا وانگ، آئیوان لیم اور اگنیس چا

ہانگ کانگ ۔۔۔ نیوز ٹائم

ہانگ کانگ کے تین ممتاز جمہوریت پسند کارکنوں کو پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر کیے گئے مظاہروں کے الزامات کا اعتراف کرنے کے بعد تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ ان مظاہرین میں کالعدم سیاسی پارٹی ڈی موسِسٹو (Demosisto)  کے متحرک ممبران جاشوا وانگ (Joshua Wong) ، آئیوان لیم (Ivan Lam)  اور اگنیس چا (Agnes Chow)  شامل ہیں۔ ان سب نوجوانوں نے جن کی عمریں 20 کے عشرے میں ہیں، اپنے وکلا کے کہنے پر ان پر لگائے گئے الزامات کو قبول کیا ہے۔ ان تینوں کو 5 سال تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ جبکہ اس مقدمے کی اگلی پیشی 2 دسمبر کو ہو گی۔ پیر کو عدالت میں جاتے ہوئے وانگ نے کہا کہ قید و بند کی صعوبتیں، الیکشن پر پابندی یا ان کے خلاف کسی بھی اختیار کا استعمال، انہیں جمہوریت کے لیے متحرک ہونے سے نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ، ہم دنیا کو آزادی کی قدر سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں اور ہم ایسا اپنے پیاروں کی محبت میں کر رہے ہیں، یہاں تک کہ ہم اپنی آزادی کو بھی قربان کر رہے ہیں۔  میں تو اس صورت حال کے لیے بھی تیار ہوں کہ اس کے بعد میرے لیے ایک آزاد شخص کے طور پر رہنے کے امکانات بہت ہی محدود ہو جائیں گے۔ اِن جمہوریت نواز افرادکا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ میں مظاہرین کے خلاف عدالتی الزامات سیاسی نوعیت کے ہیں اور یہ انہیں ہراساں کرنے کی مہم کا حصہ ہیں۔ اس سال جولائی میں وانگ اور دیگر 11 جمہوریت پسند امیدواروں کو ستمبر میں ہانگ کانگ کی مقننہ کے لیئے منعقدہ انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا گیا تھا۔ یہ اقدام اس وقت کیا گیا تھا جب ابتدائی الیکشن میں یہ بات واضح ہو گئی تھی کہ چین مخالف امیدوار فتحیاب ہوں گے۔ چین نے اس سال جون میں قومی سلامتی کا ایک قانون پاس کیا تھا، جس کے تحت سیاسی سرگرمیوں اور آزادیِ رائے کو بہت حد تک محدود کر دیا گیا تھا۔ جس پر نئے قانون کے خلاف مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔ بعد ازاں حکام نے وانگ  Joshua Wong اور ان کے ساتھیوں پر ہانگ کانگ میں مظاہرے کرنے کے سلسلے میں مقدمات قائم کئے تھے۔ وانگ نے 2014 ء سے ہی، جب وہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے، جمہوریت کی تحریک میں سرگرمی سے حصہ لینا شروع کر دیا تھا۔

No comments.

Leave a Reply