ٹرمپ کو انتخابی نتائج بدلنے کیلئے دیانتدار جج کی تلاش

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

ہیرسبرگ ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی نتائج بدلنے کے لیے کسی دیانتدار جج کا انتظار شروع کر دیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں 3 نومبر کو ہونے والے الیکشن میں فتح کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تسلی سے موقف سننے والے جج کی اشد ضرورت ہے۔ پینسلوانیا کی ریاستی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شروع سے آخر تک ہمارے ساتھ ناانصافی کی گئی۔ انہوں نے دعوی کیا کہ انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں کی گئیں اور اگر قانونی طریقوں سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جائے تو ثابت ہو جائے گا کہ اصل فاتح ریپبلکن پارٹی ہے۔ دوسری جانب ٹرمپ نے صدارتی اختیار استعمال کرتے ہوئے قومی سلامتی کے سابق مشیر مائیکل فلن کو صدارتی معافی دینے کا اعلان کر دیا۔ فلن پر 2016ء  کے صدارتی انتخابات میں روس کے ساتھ ساز باز کر کے انتخابات میں مداخلت کے الزام میں فردِ جرم عائد کی جا چکی ہے۔ مبصرین نے فلن کی معافی کو جاتے جاتے تفتیش کو متاثر کرنے کی آخر کوشش قرار دیا۔ ادھر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے اپنے دور میں ٹوئٹر کو واحد ابلاغی ذریعہ بنا کر رکھا، تاہم اب ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے نظریں پھیرنے پر وہ دل برداشتہ ہو کر عوامی حلقوں میں اپنی بے بسی کا رونا رو رہے ہیں۔ انتخابات کے واضح نتائج کے باوجود وہ اپنی شکست کو کسی صورت قبول کرنے کو تیار نہیں اور انہیں اب بھی ایسا لگتا ہے کہ وہ دوبارہ اسی منصب پر فائز ہوں گے۔

No comments.

Leave a Reply