یورپی یونین سے علیحدگی، برطانیہ نے ترکی سے پہلا تجارتی معاہدہ کر لیا

یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد برطانیہ نے پہلا تجارتی معاہدہ ترکی سے کر لیا۔

یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد برطانیہ نے پہلا تجارتی معاہدہ ترکی سے کر لیا۔

لندن  ۔۔۔ نیوز ٹائم

یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد برطانیہ نے پہلا تجارتی معاہدہ ترکی سے کر لیا۔  تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر تجارت لِز ٹروس نے کہا ہے کہ ترکی اور برطانیہ تجارت کے آزادانہ معاہدے پر کل دستخط کریں گے۔ یورپین یونین سے علیحدگی کے بعد برطانیہ کا کسی دوسرے ملک کے ساتھ پہلا تجارتی معاہدہ ہو گا۔  برطانوی وزیر تجارت لِز ٹروس (Liz Truss)  نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گا۔ برطانوی وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ جاپان، کینیڈا، سوئٹزرلینڈ اور ناروے کے ساتھ معاہدوں کے بعد وزارت تجارت نے یہ پانچواں سب سے بڑا تجارتی معاہدہ کیا ہے۔ برطانیہ نے یکم جنوری کو بریگزٹ (Brexit) منتقلی کی مدت کے اختتام سے قبل 62 ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ اس نے گزشتہ ہفتے یورپی یونین، اس کے سب سے بڑے تجارتی شراکتدار کے ساتھ بھی تجارتی معاہدہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ 26 جون 2016 ء کو برطانوی عوام نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ ڈال کر بریگزٹ (Brexit)  کو کامیاب بنایا تھا تاہم یورپی یونین سے کس طرح نکلا جائے اس پر تقسیم اس قدر بڑھ گئی کہ بغیر معاہدے، یونین کو چھوڑنے کا ڈر، خوف برطانوی عوام اور سیاستدانوں کو ستانے لگا۔ بریگزٹ (Brexit)  کا معاملہ کئی برس سے زیر بحث تھا اور بریگزٹ کی منظوری میں ناکامی پر برطانوی وزیر اعظم کو استعفی دینا پڑا تھا۔ جولائی 2016 ء میں وزیر اعظم بننے والی تھریسامے (Theresa May) نے بریگزٹ (Brexit)  معاہدے پر عوامی فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن شدید مخالفت کی وجہ سے وہ اپنے وعدے کو پورا کرنے میں ناکام رہی تھیں جس کے بعد نومنتخب برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اس کام کا بیڑا اٹھایا۔ یاد رہے کہ برطانیہ نے 1973ء میں یورپین اکنامک کمیونٹی میں شمولیت اختیار کی تھی تاہم برطانیہ میں بعض حلقے مسلسل اس بات کی شکایات کرتے رہے ہیں کہ آزادانہ تجارت کے لیے قائم ہونے والی کمیونٹی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے رکن ممالک کی ملکی خودمختاری کو نقصان پہنچتا ہے۔

No comments.

Leave a Reply