ٹرمپ کا ایک اور اسکینڈل سامنے آ گیا

اسرائیلی بزنس مین ڈین گرلر

اسرائیلی بزنس مین ڈین گرلر

واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دورِ صدارت کے اختتام پر پابندیوں کے شکار ارب پتی اسرائیلی تاجر پر عائد پابندیوں کو ختم کر دیا تھا۔  اس اسرائیلی پر پابندیاں 2017 ء میں امریکی وزارتِ خارجہ نے عائد کی تھیں۔ جس ارب پتی اسرائیلی شہری پر امریکی حکومت کی عائد پابندیوں کا خاتمہ سابق صدر نے جاتے جاتے کیا تھا، اس کا نام ڈان گیرٹلر (Dan Gertler)  ہے۔ اس نے کان کنی میں انتہائی وسیع سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ ان کو بدعنوانی سے حاصل شدہ کان کنی کے ٹھیکوں کی بنیاد پر امریکی وزارتِ خارجہ نے پابندیوں میں جکڑا تھا۔ ارب پتی ڈان گیرٹلر (Dan Gertler)  نے ایک خطیر رقم ہیروں اور تانبے کی کان کنی میں لگائی ہوئی ہے۔ وہ اپنے نام سے قائم کردہ بین الاقوامی کاروباری ادارے کے بانی اور سربراہ بھی ہیں۔ ان کے جمہوریہ کانگو میں کاروباری مفادات کا بھی خاصا چرچا رہا ہے۔ وہ کانگو کی معدنی دولت میں گہری دلچسپی رکھتے تھے، اور اس کی وجہ سابق صدر جوزف کابیلا (Joseph Kabila) کے ساتھ دوستی اور کاروباری مراعات کا حصول تھا۔ ان کے کاروبار میں کان کنی کے علاوہ زراعت اور بینکنگ سیکٹر بھی شامل ہے۔ ان کی کاروباری سرگرمیوں پر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے بھی نظر رکھی ہوئی ہے۔ افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں کوبالٹ دھات کے ذخائر دنیا بھر میں سب سے زیادہ پائے جاتے ہیں۔ تانبے، ہیرے، سونے، ٹن اور کولٹان کے بھی وسیع ذخائر اس ملک میں موجود ہیں۔  ان دھاتوں پر تصرف کے لیے انہوں نے کانگو کے سابق صدر جوزف کابیلا کے ساتھ کاروباری مراسم استوار کر رکھے تھے۔ ایسے مبینہ تعلقات کی وجہ سے 2012ء میں بین الاقوامی مالیاتی ادارے نے کانگو کے لیے 50 کروڑ ڈالر کے خصوصی امدادی قرضے کی فراہمی روک دی تھی۔  گیرٹلر (Dan Gertler)  نے اپنی بے بہا دولت اس ملک کے معدنی ذخائر کو لوٹ کر ہی حاصل کی تھی۔  امریکی وزارتِ خارجہ نے دسمبر 2017ء  میں ڈان گیرٹلر (Dan Gertler)  پر پابندیاں اس لیے لگائی تھیں کہ وہ کانگو کے خزانے کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچانے کے مرتکب ہوئے۔  ان پابندیوں کے تحت گیرٹلر (Dan Gertler) کو کسی بھی امریکی شہری کے ساتھ کاروبار یا بینک کے ساتھ لین دین سے روک دیا گیا تھا۔

No comments.

Leave a Reply