بحرینی ولی عہد کی ایرانی جوہری مذاکرات میں واپسی پر نیتن یاہو سے گفتگو

بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو

بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو

دبئی ۔۔۔ نیوز ٹائم

بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ (Salman bin Hamad Al Khalifa) نے گزشتہ روز اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ ایران سے جوہری مذاکرات میں واپسی پر گفتگو کی ہے۔ یہ بات بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتائی ہے۔ اے پی نیوز ایجنسی کے مطابق امریکی انتظامیہ 2015 ء میں رکے ہوئے ایٹمی معاہدے کو بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد (Salman bin Hamad Al Khalifa) نے جو ملک کے وزیر اعظم بھی ہیں، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے زور دے کر کہا کہ ایرانی جوہری فائل پر کسی بھی مذاکرات میں علاقائی ممالک کی شرکت خطے میں سلامتی اور استحکام کی حمایت کے لئے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ بحرینی ولی عہد کا یہ بیان امریکی صدر جو بائیڈن کے اس اعلان پر خلیجی ملک کے کسی بھی عرب رہنما کا پہلا ردعمل ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہم ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات میں واپسی کے خواہاں ہیں۔ تقریبا 3 سال قبل سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ تاریخی معاہدے کو ترک کر دیا تھا اور ایران پر سخت پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

خلیجی ممالک اور اسرائیل نے معاہدے سے امریکہ کے دستبردار ہونے کا خیرمقدم کیا تھا۔ خطے میں ایران کے دشمنوں نے، جنہیں براہ راست سب سے زیادہ خطرہ ہے، اس معاہدے کی سخت مخالفت کی تھی۔ اسرائیل کے ساتھ ساتھ، خلیج عرب میں حکمراں شیوخ کو بھی آخری جوہری مذاکرات سے الگ کر دیا گیا تھا۔ انہیں ایران کے ارادوں پر انتہائی شکوک و شبہات تھے۔ انہوں نے اشارہ دیا ہے کہ وہ صرف ایسے معاہدے کے لئے تیار ہوں گے جس میں ایران کی جانب سے میزائل کی تیاری و ترقی اور مشرق وسطی میں باغی گروپوں اور ملیشیائوں کی حمایت جیسی غیر جوہری سرگرمیوں پر پابندی شامل ہو۔ سابق صدر ٹرمپ نے جوہری معاہدے سے دستبرداری کی ایک اہم وجہ یہ بتائی تھی کہ ایران نے ان مسائل پر توجہ نہیں دی تھی۔ بحرینی ولی عہد نے کسی وضاحت کے بغیر زور دے کر کہا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی جوہری مذاکرات میں وسیع تر ایشوز شامل ہونے چاہئیں۔

اسرائیل کی جانب سے واشنگٹن کے تہران سے رابطے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا، صرف یہ کہا گیا کہ بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد (Salman bin Hamad Al Khalifa) نے نیتن یاہو کو بحرین کے دورے کی دعوت کا اعادہ کیا اور کہا کہ مملکت بحرین، اسرائیل میں واقع ویکسین تیار کرنے والی فیکٹری میں دوسرے ممالک کے ساتھ مشترکہ طور پر سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے ۔متحدہ عرب امارات کے بعد مملکت بحرین نے گزشتہ موسم خزاں میں اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کر لئے تھے۔ یہ معاہدہ ایران کے خلاف باہمی دشمنی کے سبب ہوا تھا۔؎

No comments.

Leave a Reply